بیلگاوی 04؍ مارچ 2019(فکروخبر نیوز) اپنے دوست کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک کرکے متنازعہ پوسٹ کرنے کے الزام میں سائبر کرائم کو مطلوب شخص کو آج حراست میں لیا گیا ہے۔ ایس پی سدھیر کمار ریڈی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ معلومات دی ۔ ملزم کی شناخت ناگراج مالی کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ناگراج اور رام درگا تعلقہ کنکناواڑی گرام پنچایت حدود کا مقیم شفیع بینی درمیان گہری دوستی تھی جو اکثر ناگراج کے سائبر میں آتا جاتا رہتا تھا۔ گذرتے ایام کے ساتھ ان کی دوستی بھی گہری ہوتی چلی ہے اور لین دین بھی کرنے لگے۔ خبروں کے مطابق تجارت کے لیے ناگراج نے کئی مرتبہ روپئے بھی لیے ۔ ایک روز اسی طرح ناگراج نے شفیع سے کچھ رقم کا مطالبہ کیا جس پر شفیع نے دینے سے انکار کیا۔ اسی کا غصہ نکالنے کے لیے ناگراج نے شفیع کے اکاؤنٹ سے متنازعہ پوسٹ شےئر کیا۔جب متنازعہ پوسٹ منظر عام پر آیا تو پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی اور تین روز قبل شفیع کو حراست میں لیا جس پر بڑا ہنگامہ ہوا۔ تحقیقات کے دوران اس نے تمام تر معلومات پولیس کو دی جس کے بعد پولیس ناگراج کے تلاش میں تھی اور آج اسے حراست میں لیا ہے۔ تحقیقات کے دوران ناگراج نے بتایا کہ اس نے بدلہ لینے کے لیے اس طرح کا پوسٹ شئر کیا تھا۔
Share this post
