قربانی کے ایام میں فضلہ جات ٹھکانے لگانے کے سلسلہ میں شاہین اسپورٹس کی خدمات قابلِ ستائش : مجلس اصلاح وتنظیم
بھٹکل 02/ ستمبر 2019(فکروخبر نیوز) مجلس اصلاح وتنظیم کے دفتر میں آج بعد عصر ایک تہنیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں حال ہی میں پی ایس آئی امتحان میں شاندارکامیابی حاصل کرنے والے مشاہد احمد کی تہنیت کی گئی۔ ساتھ ہی ساتھ قربانی کے ایام میں شہر بھر کے جانوروں کے فضلہ جات اور دیگر چیزیں ٹھکانے لگانے کے سلسلہ میں شاہین اسپورٹس سینٹر مخدوم کالونی کی کوششوں کی سراہنا کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشاہد احمد نے کہا کہ ہمارے اندر یہ عزم ہمیشہ ہونا چاہیے کہ ہم دوسروں کو فائدہ پہنچانے والے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ہمیں اچھی طرح معلوم ہے کہ انتظامیہ کے عہدوں پر ہم بہت پیچھے ہیں اور اس میں ہمارا فیصد اتنا کم ہے جس کو بیان نہیں کیا جاسکتا۔ انہو ں نے ایک اہم نکتہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ سسٹم میں کچھ خرابی ہے اور اس کے ذریعہ سے ہم آگے نہیں بڑھ سکتے ہیں تو ہمیں بلآخر کیچڑ میں اتر کر کام کرنا ہوگا اوراس کی صفائی کرنی ہوگی۔ صرف کہنے سے کچھ ہونے والا نہیں ہے۔
شاہین اسپورٹس سینٹر کے جنرل سکریٹری مبشر ہلارے نے اس خدمت پر اللہ کا شکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوانوں نے بہت ہی خوش اسلوبی کے ساتھ اس کام کو انجام دیا ہے۔انہوں نے مستقبل میں تنظیم کو ہر طرح کا تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم تنظیم کو ترقی کی منزلوں تک لے جانے کے لیے قدم بہ قدم ان کے ساتھ ہیں۔
صدر تنظیم جناب ایس ایم سید پرویز صاحب نے کہا کہ ہمیں تعلیمی میدان میں اس طرح آگے بڑھنا ہے کہ مخصوص مناصب کے لیے ہمیں بلاکر پورے اعزاز واکرام کے ساتھ اس پر بٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جتنی کوششیں ہم تعلیمی میدان میں کررہے ہیں اس پر اکتفا کرنے کے بجائے مزید اس میدان میں ہمیں آگے بڑھنا ہے۔
ناظم جامعہ اسلامیہ بھٹکل جناب ماسٹر شفیع صاحب نے کہا کہ ہم ہر میدان میں آگے بڑھیں یہ بڑی اچھی بات ہے لیکن ہمیں جہاں آگے بڑھنا ہے وہاں ہم لوگ ابھی پیچھے ہیں۔ انہو ں نے صبح کی بیداری کو قوم کی بیداری سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں جو غفلت ہورہی ہے اسے دور کرنے کی ضرورت ہے۔ دنیا میں جتنے بھی لوگوں نے بڑے بڑے کام کیے ہیں آپ کو شاید اندازہ نہ ہو وہ صبح اٹھ کر اپنے مشن پر چلے ہیں لیکن افسوس یہ ہے کہ آج ہماری صبح بستر پر ہورہی ہے۔ مزید کہا کہ لوگ مجھے دیکھ کر شاید کہتے ہوں کہ یہ تو نماز کی بات کرتے ہیں لیکن ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ نماز ہم پر تو فرض ہے، ہر حال میں اس کا ادا کرناضرور ہے البتہ ایک دوسرے کو یاد دلانے سے فائدہ پہنچتا ہے۔
نائب صدر تنظیم جناب عتیق الرحمن شاہ بندری نے شاہین اسپورٹس کے نوجوانوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگوں نے جب اس سلسلہ میں غور کرنا شروع کردیا تو شاہین کے نوجوانوں نے خود آگے بڑھ کر اس کام کو کرنے کی پیشکش ہے اور بہت ہی خوش اسلوبی کے ساتھ اس کام کو انجام دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ جناب عنایت اللہ شاہ بندری، جنرل سکریٹری تنظیم جناب عبدالرقیب ایم جے اور دیگر نے بھی اپنے اپنے خیالات کے اظہار کے دوران مشاہد احمد اور شاہین کے نوجوانوں کو مبارکبادی پیش کی۔
Share this post
