مسلمانوں کی اخلاقی گراوٹ کا نتیجہ ایمان کی کمزوری ہے : مولانا احمداللہ بیگ عمری

وہ کل بعد نمازِ عشاء رابطہ ہال میں یوتھ ونگ جماعت اسلامی ہند بھٹکل کی جانب سے ’’ خدا کرے کہ جوانی تری رہے بے داغ‘‘ کے عنوان پرسات روزہ ریاست گیر مہم کے آخری اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ مولانا موصوف نے مسلم نوجوانوں کو اسلامی سانچے میں اپنے اخلاق اور کردار کو ڈھالنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شیطان انسان کو ورغلاتے ہوئے خواہشات کی اتباع کی طرف لے جاتا ہے اور جب انسان اس کی ایک بات مانتا ہے تو آہستہ وہ پورے دین سے غافل کرنے کی کوشش کرتا ہے ۔ انہوں نے حالاتِ حاضرہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مسلمان جس طریقے سے تباہی کی طرف گامزن ہے او ران میں ہر طرح کی برائیاں پھیلتی جارہی ہیں وہ ناقابلِ بیان ہے ، ان حالات میں ہم سب کو غوروفکر کرکے اسلام کو مضبوطی سے تھامنے کی ضرورت ہے اور ہمیں معلوم ہونا چاہیے کہ یہ حالات اس وقت پیدا ہوجاتے ہیں جب انسان کا ایمان کمزور ہوجاتا ہے ، اللہ سے ڈر اور خوف ختم ہوجاتا ہے اور گناہوں کی طرف اس کا میلان ہونے لگتا ہے ۔ مولانا موصوف سے قبل جناب قمرالدین مشائخ نے یوتھ ونگ جماعت اسلامی ہند کا تعارف اور اس کی خدمات پیش کی۔ اس جلسہ کی صدارت جناب عتیق الرحمن صاحب (گوا) نے کی۔ ان کے علاوہ اسٹیج پر امیر جماعت اسلامی ہند بھٹکل جناب قادر میراں پٹیل ، مجلسِ اصلاح وتنظیم کے جنرل سکریٹری جناب محی الدین الطاف کھروری اور مولانا محمد جعفر ندوی وغیرہ بھی موجود تھے ۔ نظامت کے فرائض مولوی سالک برماور نے بحسن و خوبی انجام دئے۔

Share this post

Loading...