اردو ادب کی مشہور شخصیت مرتضیٰ ساحل تسلیمی کی وفات پر بھٹکل کے ادارہ ادب اطفال نے آن لائن تعزیتی نشست کا کیا انعقاد

ملک وبیرونِ ملک کے ادباء ومفکرین نے مرحوم کی خدمات پر ڈالی روشنی، ان کی وفات کو ادبِ اطفال کا عظیم خسارہ قرار دیا

بھٹکل 24/ اگست 2020(فکروخبر نیوز) ادارہ الحسنات رامپور سے نکلنے والے رسائل میں الحسنات، نور، ہلال اور بتول نے نسلوں کی تربیت کے لئے جو کارہائے نمایاں انجام دئیے ہیں اسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔ جب بھی نسلوں کی تربیت کے سلسلہ میں مؤرخ اپنے قلم کو حرکت دے گا تو ادارہ الحسنات اور یہاں کے ایک دیرینہ رفیق مرتضی ساحل تسلیمی صاحب کا ذکر کئے بغیر آگے نہیں بڑھے گا۔ مرتضیٰ ساحل تسلیمی نے دلچسپ کہانیوں کے ذریعہ نسلوں کی اخلاقی اور ایمانی طرز پر تربیت کا جو سلسلہ شروع کیا تھا وہ آج بھی مذکورہ اداروں سے نکلنے والے رسائل میں محفوظ ہے۔ ہم میں سے اکثر افراد نے ادارہ الحسنات سے نکلنے والے ان رسائل کو پڑھ کر اپنے روح کو تازگی بخشی ہوگی اور پھر اس میں مرتضی ساحل تسلیمی صاحب کے مضامین او رکہانیوں سے کوئی نہ کوئی سبق ضرور حاصل کیا ہوگا۔ آج انہی مرتضی ساحل تسلیمی کو ہم مرحوم اور مغفور کے نام سے یاد کرنے پر مجبور ہیں۔ وہ ہم سب کوداغِ مفارقت دے گئے لیکن اپنے پیچھے ایک ایسا ادب چھوڑ گئے جس سے نسلوں کی تربیت کی جاسکتی ہے۔ ان باتوں کا اظہار بھٹکل کے ادارہ ادب اطفال کی جانب سے آن لائن (زوم ایپ پر) منعقدہ تعزیتی اجلاس میں ادباء ومفکرین نے کیا جس میں نہ صرف ہندوستان بلکہ بیرونِ ملک کناڈا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات، سعودیہ اور دیگر ممالک سے علماء اور دانشوران اور ادباء نے شرکت کی۔ مرحوم مرتضی ساحل تسلیمی کے فرزند جناب فراز ساحل صاحب نے اپنے والد صاحب کے اوصاف بیان کرنے کے دوران کئی ایسی باتیں پیش کیں جس سے ان کے ساتھ ساتھ تعزیتی اجلاس میں شریک دیگر افراد بھی آبدیدہ ہوئے بغیر نہیں رہ سکے۔ 
بھٹکل کے اس ادارہ ادب اطفال کے سرپرست اور صدر فکروخبر بھٹکل مولانا محمد الیاس ندوی نے اپنے خیالات کے اظہار کے دوران نئی نسل کی تربیت کے سلسلہ میں کی جانے والی ان کی کوششوں کو خوبصورت انداز میں پیش کیا اور ان کی زندگی کو قابلِ رشک قرار دیتے ہوئے اور ایک نئے مشن کے ساتھ اس کام کو آگے بڑھانے کے تعلق سے اپنے مفید آراء پیش کیں۔ اس موقع پر امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم صاحب ندوی، اچھا ساتھی کے ایڈیٹر مولاناسراج الدین ندوی، گل بوٹے ممبئی کے مدیر فاروق سید، معروف شاعر احمد حاطب صدیقی، ڈاکٹر عمران مشتاق، جناب ادریس صدیقی نے مرتضی صاحب کے زندگی کے کئی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ 
ماہنامہ پھول کے مدیر مولانا عبداللہ دامداابو ندوی نے اس تعزیتی نشست کی نظامت کرتے ہوئے مرحوم کے تعلق سے اپنے خیالات کا بھی اظہار کیا۔ مولانا میراں معظم ندوی کی تلاوت ِ کلام پاک سے شروع ہونے والی یہ نشست دعائیہ کلمات پر اختتام کو پہنچی۔ 

 

Share this post

Loading...