بھٹکل 05/ ستمبر 2016(فکروخبر نیوز) تعلقہ کے مشہور تفریحی مقام مرڈ یشور میں نامعلوم افراد کی جانب سے ایک شخص پر حملہ کیے جانے سے عوام میں سخت تشویش پائی جارہی ہے۔ زخمی نوجوان کی شناخت کنڈلور کے مقیم ذاکر کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق کل دوپہر کے اوقات ذاکر اپنی اہلیہ کے ساتھ مرڈیشور تفریح کے لیے گیا ہوا تھا۔ کار پارکنگ کے دوران کچھ لوگ اس کے پاس آئے اور اس پر حملہ کردیا۔ ذاکر کے مطابق وہ ان لوگوں کو جانتا ہے اور نہ حملہ کی کوئی وجوہات سے واقف ہے۔ ان کی جانب سے اچانک حملہ کی وجہ سے وہ پریشان ہوا، حملہ کی کوئی وجہ اس کی سمجھ میں نہیں آئی ہے۔ ایس ڈی پی آئی کے ضلعی ذمہ داروں نے ان سے حملہ کی وجوہات جاننے کی کوشش کی لیکن انہیں بھی ذاکر نے یہی بتایا کہ وہ ان لوگوں کو نہیں جانتا ہے۔ مشہور تفریحی مقام مرڈیشور میں اس طرح کے حملہ سے عوام میں سخت تشویش پائی جارہی ہے اور شرپسندوں کو جلد از جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ مرڈیشور پولیس اس پورے واقعہ کی جانکاری حاصل کرنے کے بعد تحقیقات کررہی ہے۔ ملحوظ رہے کہ مرڈیشور صرف بھٹکل کا نہیں بلکہ پوری ریاست اور ہندوستان کے مشہور تفریحی مقامات میں آتا ہے جو بحر عرب کے ساحل پر واقع ہے۔ روزانہ ہزاروں کی تعداد میں سیاح یہاں کا رخ کرتے ہیں۔ ایسے میں اچانک کسی شخص پر نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ کی وجہ سے عوام کو تشویش ہونا یقینی ہے۔
Share this post
