06؍ اپریل 2023 (فکروخبرنیوز) وزیر منیرتھنا پر ایک فلائنگ اسکواڈ کے اہلکاروں کی شکایت کی بنیاد پر بنگلورو کے راجا راجیشوری نگر پولیس اسٹیشن میں عیسائیوں کے خلاف مبینہ نفرت انگیز تقریر کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دیگر ذمہ داریوں کے علاوہ فلائنگ اسکواڈز انتخابات سے قبل ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ (MCC) کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کرتے ہیں۔ شکایت کا حوالہ ایک ٹیلی ویژن انٹرویو کا ہے جس میں منیرتنا نے دعویٰ کیا تھا کہ عیسائی کم آمدنی والے محلوں میں رہنے والے لوگوں کو عیسائیت اختیار کرنے کے لیے متاثر کررہے ہیں۔
انٹرویو کے دوران منیرتنا نے دعویٰ کیا کہ کچی آبادیوں میں بڑے پیمانے پر مذہب کی تبدیلی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'عیسائی لوگوں کو تبدیل کر رہے ہیں اور یہ کچی آبادیوں میں سب سے زیادہ ہے۔ اگر 1,400 لوگ ہیں تو 400 کو تبدیل کیا گیا ہے۔ اگر وہ تبدیلی کے لیے آتے ہیں تو انہیں مار کر واپس بھیج دیں یا پولیس اسٹیشن میں شکایت کریں۔
راجاراجیشوری نگر کے ایم ایل اے کے خلاف شکایت بروہت بنگلورو مہانگرا پالیکے (BBMP) کے الیکشن فلائنگ اسکواڈ-11 کے ٹیم لیڈر منوج کمار نے درج کروائی، جس نے کہا کہ 31 مارچ کو منیرتنا کی تقریر نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کیا اور عیسائی برادری کی بے عزتی کی۔ نتیجے کے طور پرآر آر نگر پولیس نے منیرتنا کے خلاف عوامی نمائندگی ایکٹ، 1950، اور تعزیرات ہند (IPC) کی دفعہ 153A (مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا) کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
ٹی این ایم کے شکریہ کے ساتھ
Share this post
