ارسلان کے والد پیشے سے ڈاکٹر ہیں۔ والدہ ایک اسکول کی پرنسپل ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ارسلان بچپن سے ہی ذہین تھا ۔ کھلونے کھیلنے کے دوران اسے کھلونوں میں کم اور اس کے بنانے میں زیادہ دلچسپی ہوا کرتی تھی۔اسی طرح اینڈرائڈ موبائل پر چلنے والے ایپلی کیشن اور انٹرنیٹ پر وہ صرف یہ تلاش کرتا ہے کہ کون سی چیز کیسے بنائی گئی اور اس کا فائدہ کیا ہوسکتا ہے۔ اس کے والد اسے آئی ٹی میں داخلہ کرانے کے خواہشمند ہیں ۔
ایتھوپیا میں ایک مذہبی تقریب کے دوران بھگدڑ، 50سے زائد افراد ہلاک
عدیس ابابا۔3؍ اکتوبر(فکروخبر/ذرائع) ایتھوپیا کے اورومیو علاقے میں ایک مذہبی تقریب کے دوران بھگدڑ مچ جانے سے کئی لوگوں کی موت ہوگئی۔ ایتھوپیائی دارالحکومت عدیس ابابا سے 42کلومیٹر دور بیشوفتو میں مذہبی تقریب میں ہزاروں افراد یکجا ہوئے تھے۔ وزیر اعظم ہالہ مریم ڈیسالن نے اورومیو علاقہ میں ہوئے بھگدڑ کے اس واقعہ کے لئے مظاہرین کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق اس بھگدڑ میں 52 افراد ہلاک ہوگئے۔انہوں نے ان رپورٹوں کی بھی تردید کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ ایک مذہبی تقریب کے دوران جمع ہوئے لاکھوں لوگوں پر سیکورٹی فورسیز نے فائرنگ کی۔ دوسر ی طرف اپوزیشن کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں کم از کم 150افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ خیال رہے کہ گذشتہ چند ماہ سے ارومیا اورامہارا صوبہ کے لوگ مسلسل یہ شکایت کرتے رہے ہیں کہ انہیں سیاسی اور اقتصادی سطح پر الگ تھلگ رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے گذشہ چند ماہ میں حکومت او رمظاہرین کے درمیان کئی مرتبہ جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تنازع کا واحد حل مذاکرات: سید احمد بخاری
نئی دہلی۔3؍ اکتوبر(فکروخبر/ذرائع) ہندستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران شاہی جامع مسجد دہلی کے امام مولانا سید احمد بخاری نے خطہ میں امن کی بحالی کے لئے دونوں ملکوں سے مذاکرات کا راستہ اپنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کا راستہ پورے خطے کےلئے انتہائی تباہ کن ثابت ہوگا اس لئے اس سے دونوں ملکوں کو گریز کرنا چاہئے ۔ آج یہاں جاری کردہ ایک بیان میں امام بخاری نے وزیراعظم نریندر مودی اور پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف سے خطے میں امن کی بحالی کے لئےمذاکرات کا راستہ اپنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جنگ ہندستان اور پاکستان دونوں کے مفاد میں نہیں ہے اور بات چیت کے ذریعہ کسی بھی مسئلہ کا حل نکل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندستان اور پاکستان کے درمیان ماضی کی جنگوں کے نتائج ہمارے سامنے ہیں۔اگرجنگ سے حل نکل سکتا تو اب تک حل نکل چکا ہوتا۔اڑی، پٹھان کوٹ اورکشمیر کے واقعات ہم سب کیلئے نہایت تشویشناک ہیں۔ مولانا بخاری نے کہا کہ اڑی واقعہ کے بعد ہندستان اورپاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہواہےاور ان واقعات کے بعد سے سرحدوں پر تناؤ اوردونوں طرف جنگ کا ماحول ہے۔جنگ دونوں ملکوں کیلئے نہایت تباہ کن ہے۔ ہمیں یہ نہیں بھولناچاہئے کہ دونوں ممالک ایٹمی طاقت کے حامل ہیں اور ہیروشیما کی تباہی کے نتائج دنیا کے سامنے ہیں۔ اس لئے جنگ سے بچنے کے لئے دونوں ملکوں کو ہر ممکن اقدامات کرنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ ان حالات کی وجہ سے ہندوستان کے کروڑوں مسلمان اس وقت آزمائش کے دورسے گزررہے ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ موجودہ حالات سے نجات پائی جائے ، کیونکہ جب بھی پاکستان اور ہندستان کے درمیان حالات کشیدہ ہوتے ہیں تواس کاسیدھا اثر ہندستان کے مسلمانوں پر پڑتا ہے۔ سید بخاری نے کہا کہ دہشت گردی اس وقت نہ صرف ہندوستان کا مسئلہ ہے بلکہ پوری دنیا اس کاشکارہے، جس کا خاتمہ ہونا ضروری ہے۔ اسلئے یہ وقت ضد اور اناکا نہیں بلکہ دہشت گردی کے اس ناسورکوختم کرنے کاہےاوراس کاحل صرف بات چیت سے ہی نکالاجاسکتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کے خاتمہ کے نہایت ا ہم مسئلے پر بات چیت کریں اسی کے ساتھ ہمیں کشمیری عوام کے اس درد کو بھی سمجھناہوگا کہ جس کی وجہ سے گزشتہ 26 برسوں سے وہاں کے عوام اضطراب اور بے چینی میں مبتلا ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مذاکرات کے ذریعہ کشمیر کے مسئلہ کا حل بھی حل تلاش کرنا چاہئے تاکہ وہاں امن وامان کی فضاء قائم ہو۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے سربراہان سنجیدگی اورمتانت کے ساتھ حالات کو معمول پرلانے کی ہرممکن کوشش کریں گے۔
شراب بندی معاملہ: بہار حکومت نے ہائی کورٹ کے فیصلہ کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا
نئی دہلی۔3؍ اکتوبر(فکروخبر/ذرائع) بہار حکومت نے شراب بندی حکم کو پٹنہ ہائی کورٹ کی جانب سے رد کئے جانے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ ریاستی حکومت نے آج سپریم کورٹ میں ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے خصوصی اجازت کی عرضی داخل کی ہے، جس پر سات اکتوبر کو سماعت ہوگی۔ پٹنہ ہائی کورٹ نے گزشتہ جمعہ کو بہار حکومت کے پانچ اپریل کے اس حکم کو آئین کے خلاف قرار دیا تھا، جس کے تحت نتیش حکومت نے پوری ریاست میں شراب پر پابندی لگا دی تھی۔حالانکہ پٹنہ ہائی کورٹ کی جانب سے شراب بندی حکم کو رد کرنے کے چند گھنٹوں کے بعد نتیش حکومت نے گاندھی جینتی کے موقع پر شراب بندی کا نیا سخت قانون نافذ کیا ہے۔
بین الاقوامی صحافیوں کو بارڈر لے گئی پاکستان کی آرمی، کہا نہیں ہوا سرجیکل حملہ
منڈھولے (پاکستان)۔3؍ اکتوبر(فکروخبر/ذرائع) پی او کے میں دہشت گردانہ کیمپوں پر ہندوستانی فوج کی کارروائی کی بات سے انکار کر رہی پاکستانی فوج صحافیوں کے ایک گروپ کو کنٹرول لائن کے پاس کی جگہوں پر لے گئی اور وہاں کی صورت حال کے بارے میں ان کو بتایا۔ دونوں ممالک کے درمیان بڑھے کشیدگی کے بیچ کنٹرول لائن پر موجود پاکستانی فوجی حکام نے کہا کہ ان کی سرحد کے اندر کسی طرح کی کارروائی ناممکن ہے۔پاکستانی فوج اپنی نوعیت کا ایک مختلف سا قدم اٹھاتے ہوئے بین الاقوامی میڈیا کو سرحد کے پاس لے گئی اور حالات کو بیان کیا۔ ہندوستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس کے جوانوں نے پاکستان کی سرحد میں گھس کر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ ہندوستانی فوجیوں کی جانب سے کنٹرول لائن کو پار کرنا پاکستان کے لئے ایک اور بڑا دھچکا ہے جو پہلے بھی سال 2011 میں ایبٹ آباد میں امریکی فوجی دستوں کی کارروائی کو لے کر شرمندگی کا سامنا کر چکا ہے۔ اس وقت امریکی سیکورٹی فورسز نے اسامہ کو مار گرایا تھا۔پاکستانی فوج بین الاقوامی صحافیوں کو اس وقت سرحد پر لے گئی ہے جب ہندوستانی فوج کے سربراہ دلبیر سنگھ نے فوجی مہم میں شامل جوانوں کو مبارکباد دی۔ ہندوستان اس کارروائی کو سرجیکل اسٹرائک کہہ رہا ہے، جبکہ پاکستان اس سے انکار کر رہا ہے۔ ہندوستان نے اڑی دہشت گرد انہ حملے میں اپنے 19 جوانوں کے مارے جانے کے بعد یہ کارروائی کی ہے۔
نتیش کٹارا قتل کیس: وکاس یادو اور وشال یادو کو 25 سال جیل کی سزا
نئی دہلی۔ 3؍ اکتوبر(فکروخبر/ذرائع)سپریم کورٹ نے 2002 کے سرخیوں میں چھائے نتیش کٹارا قتل معاملے میں پیر کو اہم فیصلہ سناتے ہوئے دونوں قصورواروں - وکاس یادو اور وشال یادو کی سزا کو پانچ سال کم کر دیا۔ بتا دیں کہ گزشتہ سال دہلی ہائی کورٹ نے اس معاملے میں تین ملزمان کو قصوروار مانتے ہوئے سزا سنائی تھی۔ ہائی کورٹ نے وکاس یادو اوروشال یادو کو 30 سال کی سزا جبکہ سکھدیو کو 25 سال کی سزا سنائی تھی۔تینوں قصورواروں نے گزشتہ سال اگست میں ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ لیکن یہاں بھی انہیں کوئی راحت نہیں ملی۔ سپریم کورٹ نے تینوں ملزمان کو مجرم قرار دیے جانے کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ تاہم کورٹ سزا کی مدت کم کئے جانے کی تینوں مجرموں کی اپیل پر غور کرنے کے لیے رضامند ہو گیا تھا۔ جس کے بعد سپریم کورٹ نے ان کی سزا کم کرنے کی اپیل پر اتر پردیش کی حکومت کو نوٹس بھیج کر جواب طلب کیا تھا۔آج اس کیس کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے وکاس یادو اور وشال یادو کی 30 سال کی سزا کو کم کرتے ہوئے ان کی سزا 25-25 سال کر دی۔ نتیش کی ماں نیلم کٹارا نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا، "آنر کلنگ کیس میں اب سخت سزا ملے گی۔ اب یہ کوئی عام جرم نہیں رہا۔
بارہمولہ میں فوج کے کیمپ پر فدائین کا حملہ ، ایک جوان شہید ، دو دہشت گرد ہلاک
جموں : 3؍ اکتوبر(فکروخبر/ذرائع)کشمیر کے بارہمولہ میں فوج اور بی ایس ایف کے کیمپ کو نشانہ بنا کر کیے گئے دہشت گردانہ حملے میں 2 دہشت گردوں کے مارے جانے کی خبر ہے ۔ اگرچہ اب تک سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے ۔ آئی بی این 7 کے نامہ نگار کے مطابق بی ایس ایف کا ایک جوان شہید ہو گیا ہے جبکہ ایک جوان زخمی ہو گیا ہے ۔ فوج کا سرچ آپریشن اب بھی جاری ہے ۔تین دن پہلے ہوئے سرجیکل اسٹرائیک کے بعد بھی دہشت گرد اپنی حرکتوں سے باز نہیں آ رہے ہیں ۔ دہشت گردوں نے ایک بار پھر جموں و کشمیر میں فوج کے کیمپ کو نشانہ بنایا ہے ۔ اس مرتبہ بارہمولہ ضلع میں دہشت گردوں نے 46 قومی رائفل کے کیمپ پر حملہ کیا ۔ بتایا جا رہا کہ رات 10.30 بجے پہلی مرتبہ فائرنگ ہوئی ۔خبریں ایسی ہی بھی ہیں کہ فوج اور دہشت گردوں کے درمیان تصادم کے دوران کنٹرول لائن پر بھی فائرنگ کی گئی یعنی دہشت گردوں کو کوور دینے کی کوشش ہوئی ۔ اس کے بعد سے دونوں طرف سے بھاری گولاباری جاری رہی ہے ۔ اس حملے کے بعد پوری وادی میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔دہشت گردوں نے جہلم کے کنارے بنے 46 قومی رائفلس کے کیمپ پر پہلے دستی بم پھینکا ، جس کے بعد فوج نے بھی مورچہ سنبھال لیا ۔ فوج نے جوابی فائرنگ شروع کر دی ۔ فوج اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ شروع ہو گئی ۔ بتایا جا رہا ہے دہشت گرد 2 ٹیموں میں آئے تھے ۔ فائرنگ اتنی زیادہ تھی دور دور تک تیز آوازیں سنائی پڑ رہی تھیں ۔خبروں کے مطابق فوج نے 2 دہشت گردوں کو ڈھیر کر دیا جبکہ اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر ایک دہشت گرد جہلم میں کود گیا ۔ رات 12.30 بجے کچھ دیر تک رکنے کے بعد دونوں جانب سے ایک مرتبہ پھر فائرنگ شروع ہو گئی ، جو صبح تک جاری رہی ۔ وہیں باقی دہشت گردوں کے خلاف فوج نے صبح تک تلاش آپریشن جاری رکھا ۔
صحافی وسیم صدیقی کے بھائی ندیم صدیقی کا انتقال
نئی دہلی۔3اکتوبر(فکروخبر/ذرائع): ہفت روزہ الامان کے ایڈیٹر وسیم صدیقی کے چھوٹے بھائی ندیم صدیقی کو آج یہاں دہلی گیٹ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ مختصر علالت کے بعد کل شام ان کا انتقال ہوگیا تھا۔ندیم صدیقی عرف بٹو کی عمر تقریباً35برس تھی ۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بچے شامل ہیں۔ندیم صدیقی کو گزشتہ اتوار کو طبیعت خراب ہونے پر یہاں لوک نائک جے پرکاش نارائن اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ انہیں برین ہیمرج ہوا ہے ۔ڈاکٹر وں نے انہیں بچانے کی ہر ممکن کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہیں ہوسکے اور چھ روز تک علاج کے بعد کل شام ندیم کا انتقال ہوگیا۔نماز جنازہ چوک احاطہ کالے صاحب میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر بڑی تعداد میں ا ہل محلہ کے علاوہ متعدد صحافی نیز جمعیت علمائے ہند کے متعدد ذمہ دار بھی موجود تھے ۔
انتخابی ہلچل شروع ہوتے ہی چھوٹی پارٹیاں متحد ہونے لگیں
لکھنؤ۔3اکتوبر(فکروخبر/ذرائع) انتخاب کی دہلیز پر کھڑے اترپردیش میں اب چھوٹی پارٹیاں متحد ہونے لگی ہیں اور اس کی جھلک آئندہ چار اکتوبر کو باغپت کے بڑوت میں راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کی ہونے والی ریلی میں ملے گی۔ریلی کا اہتمام آر ایل ڈی کے سربراہ چودھری اجیت سنگھ نے کیا ہے ۔ اس میں بہار کے وزیر اعلی اور جنتا دل (یونائٹیڈ) کے صدر نتیش کمار، سابق صدر شرد یادو، بہوجن سنگھرش سمیتی کے کنوینر اور سابق وزیر آر کے چودھری اور جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلی بابو لال مرانڈی سمیت کئی دیگر لیڈروں کو مدعو کیا گیا ہے ۔آر ایل ڈی کے سینئر لیڈر انل دوبے نے بتایا کہ اس کے بعد بستی، امبیڈکر نگر کے ٹانڈہ اور سون بھدر میں ریلیاں کی جائیں گی۔ ان ریلیوں میں بھی بہار کے وزیر اعلی سمیت دیگر پارٹیوں کے لیڈر موجود رہیں گے ۔سیاسی مبصرین کے مطابق چودھری اجیت سنگھ صوبے کی چھوٹی چھوٹی پارٹیوں کو ایک محاذ پر لا کر ریاستی اسمبلی کا الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔حال ہی میں آر ایل ڈی کے صدر نے نتیش کمار کو خط لکھ کر لوہیا ، چرن سنگھ کے پیروکاروں اور لوک نائک جے پرکاش نارائن کے نظریات پر چلنے والوں کو ایک محاذ پرلانے کیلئے کوشش کی تھی۔جنتا دل (یو) کے لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ کے سی تیاگی نے خط لکھے جانے کی توثیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی پارٹی بھی چھوٹی پارٹیوں کو ایک محاذ پر لانے کا حامی ہے ، تاکہ فرقہ وارانہ طاقتوں کو شکست دی جاسکے ۔
ہردوئی میں ایک نوجوان کی لاش ریلوے لائن پر ملی
ہردوئی۔3اکتوبر(فکروخبر/ذرائع) اتردیش میں اس ضلع کے دیہات کو توالی علاقے میں ریلوے لائن پر ایک نوجوان کی لاش پائی گئی۔پولیس کے ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ سیوا گاؤں کے باشندہ عظیم (35) کل پڑوس کے گاؤں بلوکھر گیا تھا ۔ گھر والوں کا الزام ہے کہ پیسے کے لین دین کی وجہ سے وہاں اس کا کچھ لوگوں سے تنازعہ چل رہا تھا۔ انہی لوگوں نے پیٹ پیٹ کر عظیم کو مارڈالا اور لاش کوڑھا اسٹیشن کے نزدیک واقع ریلوے لائن پر پھینک دی۔پولیس معاملے کی چھان بین کررہی ہے ۔
بدمعاشوں نے چاقو سے مارکر ایک شخص کا قتل کیا
نوئیڈا۔3اکتوبر(فکروخبر/ذرائع)اترپردیش کے گوتم بدھ نگر ضلع کے نوئیڈا تھانہ فیس 2 کے سیکٹر 93 میں ایک شخص کوآج صبح نامعلوم بدمعاشوں نے قتل کردیا۔پولیس ذرائع کے مطابق سیکٹر 93کے رہنے والے پانچو پاسوان کو صبح تقریباً3بجے نامعلوم بدمعاشوں نے چاقو مارکر قتل کردیا۔اس معاملے میں اس کی منہ بولی بہن جمبا بابی منڈل نے تھانہ فیس2 میں رپورٹ درج کرائی ہے ۔انہوں نے راجو اور شاداب نامی دو افراد پر شک ظاہر کرتے ہوئے قتل کا مقدمہ درج کرایا ہے ۔پولیس کے مطابق واقعہ کی رپورٹ درج کرانے والی خاتون سیکٹر93میں اکیلی رہتی ہے ۔مقتول اس کا منہ بولا بھائی تھا۔پولیس کو شک ہے کہ یہ قتل ناجائز تعلقات کی وجہ سے ہواہوگا۔اس معاملے میں دو افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کردی ہے ۔پولیس نے دعوی کیا ہے کہ اس معاملے کو جلد سلجھا لیا جائے گا۔
جونپور میں کھدائی کے دوران مٹی میں دب کر ایک مزدور کی موت،ایک زخمی
جونپور۔3اکتوبر(فکروخبر/ذرائع)اترپردیش میں جونپور کے شہر کوتوالی علاقے میں آج کھدائی کے دوران مٹی گرنے سے ایک مزدور کی اس میں دب کر موت ہوگئی اور ایک دیگر شخص زخمی ہوگیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ہنومان گھاٹ پر سنتوش سیٹھ مکان میں انڈر گراؤنڈ دکان بنوا رہے تھے ۔اس کے لئے مزدور زمین کھود رہے تھے ۔زمین تقریباً 10فٹ تک گڈھا کھودا گیا تھاکہ گڈھے کے پاس کی مٹی اچانک بھربھراکر گرگئی جس میں گردھر پور سرائے خواجہ کا رہنے والا دلیپ (40)اور جیٹھ پورا سرائے خواجہ کا رہنے والا جتیندر گوتم اس میں دب کر شدید طور پر زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں دلیپ کی موت ہوگئی جبکہ جتیندر کا علاج جاری ہے ۔
بلند شہر میں روپے کے لین دین کے جھگڑے میں دو افراد کا قتل
بلندشہر۔3اکتوبر(فکروخبر/ذرائع)اترپردیش میں بلندشہر کے سکندرآباد علاقے میں پیسوں کے لین دین کے سلسلے میں ہوئے جھگڑے میں دو افراد کو اینٹ سے وار کرکے قتل کردیا۔پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ پکا باغ محلہ کے رہنے والے رام کشن نے کچھ ماہ پہلے 35ہزار روپے نظام پورگاؤں کے رہنے والے گورو اور راکی سے قرض لئے تھے ۔کل رات گورو اور راکی رام کشن کے گھر آئے اوروہیں شراب پی۔اسی دوران پیسوں کے سلسلے میں رام کشن کا گورو اور راکی سے جھگڑا ہوگیا۔ملزم رام کشن نے شراب کے نشہ میں گورو اور راکی کو اینٹ سے وار کرکے قتل کردیا۔لاشوں کو گھر کے پیچھے کھیت میں پھینک کر فرار ہوگیا۔پولیس معاملے کی تفتیش کررہی ہے ۔
Share this post
