؎بھٹکل 16/ جولائی 2020(فکروخبر نیوز) جماعت المسلمین بھٹکل کے چیف قاضی، صدر جامعہ اسلامیہ بھٹکل، سرپرست فکروخبر بھٹکل اور مختلف اداروں کے سرپرست اور ذمہ دار حضرت مولانا محمد اقبال ملا ندوی رحمۃ اللہ کی کل رات ساڑھے گیارہ بجے شہر بھٹکل کے قدیم قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔
بھٹکل کی تاریخ میں پہلی مرتبہ شاید کسی کی نمازِ جنازہ عوامی طو رپر دو مرتبہ بھٹکل میں ادا کی گئی لیکن مولانا نے کی نمازِ جنازہ تنظیم جمعہ مسجد کے احاطہ میں پاؤنے گیارہ بجے اور جامع مسجد بھٹکل کے احاطہ میں سوا گیارہ بجے پڑھی گئی۔
واضح رہے کہ مولانا گذشتہ کئی دنوں سے علیل چل رہے تھے۔ ان کا علاج منگلورو کے ایک نجی اسپتال میں چل رہا تھا اور کل شام عصر کے وقت مولانا کے انتقال کی خبر موصول ہوئی۔ رات ساڑھے نو بجے کے قریب مولانا کا جنازہ بھٹکل عثمانیہ کالونی میں واقع ان کی رہائش گاہ پہنچا تھا۔
واضح رہے کہ جماعت المسلمین بھٹکل کی جانب سے مولانا محمد الیاس ندوی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے شہر کے قدیم علاقوں کے لوگ جامع مسجد بھٹکل میں نمازِ جنازہ ادا کریں اور نئے شہر یعنی نوائط، مدینہ کالونی، جامعہ آباد، آزادنگر اور کارگیدے وغیرہ کے لوگوں کے تنظیم جمعہ مسجد میں نماز کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اسی اعلان کے مطابق مولانا کی نمازِ جنازہ دو مرتبہ ادا کی گئی۔
Share this post
