بھٹکل 06؍ جنوری 2022(فکروخبرنیوز) تحفّظِ دین میڈیا سرویس کے بانی و ڈائریکٹر مولانا محفوظ الرحمن فاروقی رحمانی کی کل رات دفتر فکروخبر آمد ہوئی۔
مولانا نے فکروخبر کے تعلق سے اپنے خیالات کا اظہار کے دوران کہا کہ ماشاء اللہ صحیح فکر کے ساتھ بلند عزائم اور حوصلے کے تحت آپ حضرات کام کررہے ہیں۔ مولانا نے فکروخبر کے مختلف پروگراموں کو دیکھنے کے بعد اپنی خوشی کا اظہار کیا اورخصوصاً علماء کو اپنے فکر کو وسعت دیتے ہوئے مختلف میدانوں میں آگے بڑھ کر دعوتِ دین کا فریضہ انجام دینے کی بھی بات کہی۔ مولانا نے کہا کہ موجودہ دور میں جب کہ ملک کی میڈیا پوری طرح چاپلوسی کررہا ہے اور صحیح تصویر پیش کرنے کے بجائے ان کا ذہن غلط چیزوں کی طرف ڈال رہا ہے ، ان حالات میں ہمیں سچائی کا آئینہ دار بننے اور حق اور حقیقت سے عوام کو واقف کرانے کی ذمہ داری اداکرنا بہت ضروری ہوگیا ہے۔ فکروخبرکےعملہ سے بات چیت کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں کسی سے خوف کھانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہوسکتا ہے کہ سچائی دکھانے والوں کے حوصلے توڑنے کے لیے وقتی طور پر وہ کچھ اقدامات کریں لیکن ہمیں اس کا مقابلہ کرنا چاہیے اور سچائی کا دامن ہاتھ سے جانے نہیں دینا چاہیے۔
یاد رہے کہ تحفظِ دین میڈیا سرویس مولانا کے فرزند مولانا ضیاء الرحمن فاروقی کی زیر نگرانی چلنے والا ایک میڈیا ہاؤس ہے جس کے تحت خبروں کے ساتھ ساتھ مختلف دینی پروگراموں پر بھی زور دیا جارہا ہے۔ اورنگ آباد سے شروع ہونے والے اس یوٹیوب چینل کی کئی ایک شاخیں ملک کی مختلف ریاستوں میں بھی قائم ہوچکی ہیں۔
اس موقع پر مولانا عتیق الرحمن ندوی ، مولانا رضوان احمد ندوی ، مولانا سید احمد ایاد ندوی ، مولوی فارس شیخ اور دیگر موجود تھے۔
ان کا انٹرویو جلد ہی فکروخبر کے یوٹیوب چینل فکروخبر ٹی وی پر اپلوڈ کیا جائے گا۔
Share this post
