بھٹکل:02مارچ2019(فکروخبرنیوز) جمعیۃ الحفاظ بھٹکل کے اختتامی پروگرام میں بانی وجنرل سکریٹری مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل مولانا محمد الیاس ندوی نے اپنے خطاب میں قرآن مجید کے استحکام کے سلسلہ میں کی جانے والی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں قرآن مجید کی برکت کی وجہ سے رسوائی سے بچائے ہوئے ہیں ، ورنہ ہمارا معاشرہ گناہوں میں اس طرح گھرا ہوا ہے کہ قریب ہے کہ اللہ تعالیٰ کا عذاب آجائے ۔آج حالت یہ ہوگئی ہے کہ دینی تعلیم نہ ہونے کے نتیجہ میں حالت ناگفتہ بہ ہوتے جارہے ہیں ۔ حالت یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ ہماری بچیاں اسلام سے نکل رہی ہیں۔ مولانا نے گناہوں کی حفاظت کا ایک بہت ہی آسان نسخہ بتاتے ہوئے کہا کہ قرآن کی مجید کی تلاوت اور وقت پر نماز کی ادائیگی ہمیں گناہوں سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ مولانا نے حدیث شریف کے حوالہ سے بیان کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کو حفظ کرنے کا کمال اپنی جگہ لیکن اس کو یاد رکھنا اس سے بڑا کمال ہے۔ایسی افراد کی تعداد آج کل بڑھ رہی ہے کہ جو اپنی مشغولیات کی وجہ سے قرآن مجید کا حق ادا نہیں کررہے ہیں اور ان کے سینوں سے قرآن مجید نکلتا جارہا ہے لیکن انہیں اس کا احساس نہیں ہے بلکہ ایسے حفاظ بھی موجود ہیں جو اپنی شناخت باقی نہیں رکھ رہے ہیں جنہیں دیکھ کر دوسرے لوگ اپنے بچوں کو حافظِ قرآن بنانے کا ارادہ ترک کررہے ہیں۔
Share this post
