فقہ کے ذریعہ سے جدید مسائل کو مستنبط کیا جاتا ہے :  مولانا محمد انصار خطیب ندوی مدنی

فکروخبر فقہ شافعی اور اسلامی افکار کے اشتراک سے منعقدہ پندرہ روزہ آن لائن فقہی مسابقہ کی انعامی نشست میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے استاد تفسیر جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا محمد انصار خطیب ندوی مدنی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے نظامِ زندگی معطل ہوچکا تھا، ان اوقات کو مفید بنانے کے لئے فکروخبر او راسلامی افکار کے ذمہ داروں نے اس بات کی کوشش کی کہ تعلیم کے حصول میں جو کوتاہی برتی جارہی ہے اسے دور کرنے کے لئے اور انہیں دینی تعلیمات سے روشناس کرانے کے لئے اس مسابقہ کا انعقاد کیا۔ مولانا نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام موجودہ دور میں اس وجہ سے ہونا ضروری ہے کہ بعض لوگ قرآن وحدیث کو کافی سمجھتے ہیں اور فقہ کو وہ اہمیت نہیں دیتے ہیں،انہیں یہ بات جان لینی چاہیے کہ فقہ کے ذریعہ سے بہت سے وہ مسائل جو موجودہ دور میں سامنے آتے ہیں انہیں مستنبط کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ ان سوالات کے ذریعہ سے پڑھائے ہوئے اسباق کا جائزہ ہوا اور انہو ں نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ سوالات کے انتخاب میں بتدریج آگے بڑھا جائے اور سوالات کو آسان رکھا جاتا تو زیادہ بہتر ہوتا۔ مولانا نے فکروخبر کے ایڈیٹر انچیف مولانا سید ہاشم نظام ندوی اور اسلامی افکار کے ذمہ دار جناب فضل الرحمن صاحب کی کوششوں کی سراہنا کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اس طرح کے پروگرامات منعقد کرنے کا مشورہ دیا۔ 

Share this post

Loading...