بھٹکل 02؍اپریل2021(فکروخبرنیوز) حضرت مولانا محمد اقبال ملا ندوی رحمۃ اللہ علیہ کے انتقال کے بعد جماعت المسلمین بھٹکل نے چیف قاضی کے عہدہ پر مولانا عبدالرب صاحب خطیبی ندوی کو فائز کیا ہے۔ آج اس کے اعلان کے لیے جامع مسجد بھٹکل میں بعد نمازِ جمعہ متصلاً ایک مختصر سی نشست منعقد کی گئی جس میں صدر جماعت المسلمین بھٹکل جناب جان عبدالرحمن صاحب محتشم نے اس کا اعلان کیا۔ جنرل سکریٹری جماعت المسلمین بھٹکل مولانا طلحہ رکن الدین ندوی نے بھٹکل میں قائم نظامِ قضائت پر روشنی ڈالتے ہوئے جماعتی نظام کو مسحتکم کرنے کی ترغیب دی۔
اسی طرح امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے قاضی کی ضرورت پر روشنی ڈالتے کہاکہ قاضی کی حیثیت امیر کی ہوتی ہے جس کی اطاعت ہم سب کے لیے ضروری ہے۔ مولانا نے اپنے خطاب میں اپنے مسائل شریعت کی روشنی میں حل کرنے اور آٹھ سو برسوں سے چلے آرہے اس نظام کو مستحکم کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے اپنے زریں خیالات کا اظہار کیا۔
رفیق فکروخبر مولانا مفتی عبدالنور ندوی نے جماعتی نظام کی ضرورت اور اس کے استحکام کے لیے کوششیں کرنے پر زور دیا۔
فکروخبر بھٹکل مولانا عبدالرب صاحب خطیبی ندوی کی خدمت میں مبارکباد پیش کرتا ہے۔
محترم قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب خطیبی ندوی ایک نظر
مولانا عبدالرب خطیبی ندوی نے جامعہ اسلامیہ بھٹکل سے عالمیت کی تکمیل کی اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے عالم اسلام کی مشہور درسگاہ دار العلوم ندوۃ العلماء کا رخ کیا جہاں سے فضیلت کی تعلیم اپنے وقت کے مؤقر اور مستند اساتذہ سے حاصل کی۔ اس کے بعد بحیثت مدرس جنوبی ہند کی مشہور درسگاہ اور اپنے مادرِ علمی جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں بحیثیتِ مدرس منتخب ہوئے۔ مولانا کا شمار اس وقت جامعہ کے مؤقر اساتذہ میں ہوتا ہے اور اب حدیث وفقہ کے استاد ہیں۔
اپنے والدِ ماجد قاضی احمد خطیبی رحمۃ اللہ علیہ کے دور سے ہی مولانا لوگوں کے نزاعِ باہمی شریعتِ مطہرہ کی روشنی میں حل کیا کرتے تھے۔ مولانا کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے جماعت المسلمین بھٹکل نے انہیں نائب قاضی مقرر کیا، اس دوران مولانا نے سینکڑوں مسائل حل کیے۔ مولانا محمد اقبال صاحب ملا ندوی کے دورِ قضائت میں بھی آپ نے ان کے زیر نگرانی محکمہ شرعیہ کی ذمہ داریاں بحسن و خوبی انجام دیں۔ اسی طرح نائب قاضی کے عہدہ پر فائز رہتے ہوئے تقریباً پچیس سال اپنی خدمات انجام دی ہیں۔ مولانا موصوف کی وفات کے بعد آج جماعت المسلمین بھٹکل نے انہیں قاضی کے عظیم عہدہ پر مقرر کردیا ہے۔
Share this post
