مولانا عبدالعلیم قاسمی صاحب صدرِ جامعہ کے عہدہ پر فائز ہونے پر حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی نے پیش کی تہنیت

لکھنو /بھٹکل19اگست 2020(فکروخبر نیوز)  جامعات الصالحات بھٹکل کے ناظمِ اعلیٰ اور نقشِ نوائط کے مدیر مولانا عبدالعلیم صاحب قاسمی کے جامعہ کے صدر بننے پر مبارکبادیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ آج ندوۃ العلماء لکھنو کے ناظم اور آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی مدظلہ العالی نے ان کے نام تہنیتی پیغام بھیج کرمولانا موصوف کو مبارکباد پیش کی ہے اور حضرت والا نے ڈھیر ساری دعاؤں سے نوازا ہے۔ مولانا نے امید ظاہر کی ہے کہ حضرت مولانا محمد اقبال ملا ندوی کے انتقال سے ہونے والے خلاء کو آپ پر فرمائیں اور بھٹکل کی دینی و دعوتی کاموں میں رہنمائی فرمائیں گے۔ 

مولانا سید محمد رابع صاحب ندوی مدظلہ العالی کا خط مولانا عبدالعلیم صاحب کے نام 

بسم اللہ الرحمن الرحیم 
مکرم ومحترم جناب مولاناعبدالعلیم قاسمی صاحب زید لطفہ 
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
اللہ تعالیٰ آپ کو اچھا رکھے او رامید ہے کہ آپ اچھے ہوں گے اور آپ سے دین وعلم کو فائدہ پہنچ رہا ہوگا، عرصہ سے ملاقات تو نہیں ہوئی لیکن آپ کا تعلق دل میں تازہ رہااور خوشی ہوئی کہ آپ کو جامعہ اسلامیہ بھٹکل کی صدارت کی پیشکش ہوئی اور عزیز مولوی عبدالعزیز خلیفہ ندوی بھٹکلی نائب مہتمم دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنو سے معلوم ہواکہ آپ نے جامعہ کی انتظامیہ کی اس پیشکش کو قبول فرمالیا ہے، اس پر ہم آپ کو تہنیت پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آپ کی سربراہی میں جامعہ ان شاء اللہ مزید ترقی کے مراحل طئے کرے گا، یہ اس خسارہ کا مداوا ہوگا جو مفتی وقاضی جناب مولانا محمد اقبال ملا ندوی مرحوم کی وفات سے پیدا ہوا ہے کہ آپ پہلے سے جامعہ اور بھٹکل کی دعوتی وتعلیمی رفاہی کاموں میں پیش پیش رہے ہیں اور آپ کو اس کا اچھا خاصہ تجربہ ہے اور اہلِ بھٹکل کا آپ کو اعتماد حاصل ہے او ریہ کہ آپ حالات کے تقاضوں سے بھی واقف ہیں۔ ان شاء اللہ اس سے مدد ملے گی، اللہ تعالیٰ قبول فرمائے اور ترقی عطا فرمائے۔ آمین 
دعاؤں میں یاد رکھیں۔
والسلام
 مخلص 
(حضرت مولانا) سید محمد رابع حسنی ندوی (مدظلہ العالی) 
۸۲/ ذی الحجہ ۱۴۴۱؁ھ   19اگست 2020  

 

Share this post

Loading...