بھٹکل 19/ ستمبر 2019(فکروخبرنیوز) گذشتہ کئی ماہ سے بہت سے افراد سردی اور بخار کے شکار ہوگئے ہیں اور اس میں ذراسی غفلت کی وجہ سے ان میں سے بیشتر افراد کی طبیعت کچھ وقت کے لیے سنبھل جاتی ہے اور اس کے بعد دوبارہ سردی اور بخار آ گھیرلیتا ہے۔ کئی سارے افراد ڈینگو کی وجہ سے اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ بھٹکل سے تعلق رکھنے والے افراد میں کئی ایک میں ڈینگو مرض کی تشخیص ہوئی ہے اور وہ علاج کے لیے منگلور تک کا سفر کرچکے ہیں۔ تازہ رپورٹ کے مطابق صرف جنوبی کنیرا میں ڈینگو بخار کے شبہ میں آٹھ ماہ کی قلیل مدت میں دس افراد کی موت واقع ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کئی افراد اس مرض کے شکار ہوئے ہیں، گذشتہ ہفتہ دو نوجوانوں اپنی زندگی کی جنگ ہار گئے ہیں۔ گذشتہ آٹھ ماہ میں ان دونوں نوجوانوں کو ملا کر مرنے والوں کی تعداد دس تک پہنچ چکی ہے اور اب تک ڈینگو بخار کے شبہ میں 1,027 افراد کا علاج کیا جاچکا ہے اور سینکڑوں افراد منگلورو او رمختلف علاقوں کے اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ محکمہ کی جانب سے اب تک تین افراد کی موت کی تصدیق ہوچکی ہے لیکن ایک نجی ٹی وی چینل نے اپنی رپورٹ میں دس افراد کی موت کی خبر نشر کی ہے۔
Share this post
