بھٹکل21؍اکتوبر2023 (فکروخبرنیوز) یہاں کے موڈ بھٹکل کراس کے قریب اہم شاہراہ پر تقریباً سو میٹر کا کام ادھورا چھوڑنے سے یہ جگہ سڑک حادثات کا مرکز بن گئی ہے۔
کچھ روز قبل بھی یہاں لاری اور کار کے درمیان پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک خاتون ہلاک ہوگئی تھیں۔ کام ادھورا چھوڑنے کی وجہ سے عوام ٹھیکیدار کمپنی کو اس کا ذمہ دار ٹہرارہی ہے۔
یہاں موڈ بھٹکل کراس سے آگے بڑھتے ہی سڑک پر ایک موڑ ہے جہاں مخالف سمت سے آرہی سواری کا پتہ نہیں چل پاتا ہے۔ مخالف سمت میں فور لائن روڈ ہے۔ موڈ بھٹکل کراس کے کچھ فاصلہ سے فورلائن کا کام باقی ہے۔ اس چھوٹے سے حصے میں کام باقی رہنے کی وجہ سے سواریوں کو شدید تکالیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اوریہاں سڑک حادثات بھی پیش آرہے ہیں۔
دراصل موڈ بھٹکل پر یہاں کی عوام نے انڈر پاس تعمیر کا مطالبہ کیا تھا جس کے لیے انہوں نے احتجاج بھی کیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر ، رکن پارلیماناوردیگر نے آکر یہاں کا معائنہ کرکے انڈر پاس تعمیر کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اس کے بعد سے یہاں کا کام ادھورا رہ گیا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نینا ایس کے مطابق ضلع ڈپٹی کمشنر ہائے وے توسیعی کام کا جائزہ لے رہی ہے اور اسی مناسبت سے آئندہ ہفتہ بھٹکل پہنچ کر نیشنل ہائے وے افسران کے ساتھ میٹنگ کریں گی جس میں توقع کی جارہی ہے کہ مذکورہ مسئلہ پر بھی بات ہوگی۔
Share this post
