بھٹکل21/ ستمبر 2019(فکروخبر نیوز) ساحلی اضلاع میں بھاری بارش کی وجہ سے کئی مرتبہ ٹرین سرویس معطل رہی۔ اس کا زیادہ تر اثر کاروار سے بنگلور جانے والی ٹرین پر پڑاجو منگلور اور بنگلور کے درمیان شیواگلو اور دیگر مقامات سے گذر تی تھی۔ اس کے علاوہ پٹری پر بھاری مقدار میں پانی جمع ہونے سے منگلورو سے ممبئی اور گوا جانے والی ٹرینیں بھی رد کردی گئیں تھیں۔ بتایا جارہا ہے منگلورو سے زیادہ افراد ممبئی اور گوا کا سفر کرتے ہیں اور ان دو روٹ پر ٹرین سرویس بند ہونے سے مسافروں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ابھی ٹرین سرویس بحال ہی ہوئی تھی کہ پھر ایک مرتبہ منگورو۔ مڈگاؤں انٹرسٹی ٹرین بیس روز کے لیے رد کیے جانے کی خبر موصول ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق منگلورو اور مڈگاؤ ں کے درمیان چلنے والی انٹر سٹی ایکسپریس ٹرین 22635/22636 بیس روز کے لیے معطل کردی گئی ہے۔ ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ ساؤتھرن ریلوے منگلورو۔ پنمبور جوکٹے سیکشن میں الیکٹریفکیشن کاکام جاری ہے جس کی وجہ سے مذکورہ ٹرین سرویس بیس روز تک بند رہے گی۔
Share this post
