مولانا پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مسجد کی امامت نہیں چھوڑ سکتے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنے بیٹے کو نائب امام مقرر کردیا ہے ۔ مسجدکی سیڑھیوں پر بیٹھے فقیر سے بھی چندے کی رسید کاٹی جاتی ہے یہ کہاں کا انصاف ہے ؟ انہوں نے پیغمبر اسلام پر نازیباکلمات ادا کرنے کو لیکر کملیش تیواری کے خلاف ہورہے احتجاج پر کہا کہ وہ جو چاہتاتھا اسے مل گیا ۔انہوں نے کہا کہ اس کے خلاف کوئی ایسی سزا کامطالبہ نہیں کریں جس سے دوسرے لوگوں کو موقع ملے دوسرے مذاہب میں بھی پیشوا ہیں لیکن ہمارا مذہب پیشواؤں کے لئے کچھ کہنے کی اجازت نہیں دیتا اس سے کوئی یہ نہ سمجھے کہ ہم ڈرتے ہیں بلکہ اسلام دوسرے مذاہب کے پیشوا کو کچھ کہنے کی اجازت نہیں دیتا ۔انہوں نے کہا کہ جب تک ہم خود اپنی مدد نہیں کریں گے کوئی ہماری مدد کو تیارنہیں ہوگا۔ انہوں نے تعلیم کی جانب زیادہ زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر میں اخلاص سے کام کررہاہوں تو خدا مجھے زندگی دے ۔
فرقہ پرست کامیاب ہوتے تولگتاشہروں میں کرفیو:
انہوں نے بہار انتخاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بہار انتخاب میں اگر فرقہ پرست طاقتیں کامیاب ہوجاتی تو ریاست کے کئی شہروں میں کرفیولگ گیا ہوتا۔ بہارانتخاب نتائج نے ان طاقتوں کو اپنے گھر میں منھ چھپانے کے لئے مجبورکردیا ۔ انہوں نے بہار کے عوام اوروہاں کے مسلمانوں کی تعریف کی جنہوں نے اپنی سمجھ داری سے فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دی ۔مسٹرخان نے کہا کہ مسلمانوں نے سمجھداری سے کام لیتے ہوئے صبح کے بجائے شام کو رائے دہندگی بہترسمجھی ۔دادری واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دادری واقعہ کو یو این او لے جانے کا بہت سے لوگوں نے مخالفت کی اورمجھے غدار وطن تک کہا جب ہم غیر ملکوں میں رہ رہے ملک کے قصورواروں کو یہاں بلاکر سزاد ے سکتے ہیں تو ہندوستان یواین کا رکن ہے تو یہاں ہونے والے مظالم کیلئے وہاں آواز اٹھانا کس طرح غلط ہے ۔مجھے غداروطن کہنے والے اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھیں تو معلوم ہوگا کہ غدار وطن کون ہے ۔ جن لوگوں نے بیف پرسیاست شروع کی انہی کی پارٹی کے رہنما نے بیف برآمد کرنے والی کمپنیوں سے کروڑوں روپئے کا چندہ لیا ۔ آج وہ لوگ اس کا جواب نہیں دے پارہے ہیں۔مسٹرخان نے کہا کہ میں اگر فلم اداکار عامر خان کے ساتھ نہ آیا ہوتا تو لوگوں نے ان کا جینامشکل کردیا ہوتا ۔وہ ایک اداکارہیں اور ملک کوئی اداکار نہیں چلاتا ۔
کرن نے ظاہرکی تھی فکر عامر کے پیچھے پڑے لوگ:
انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھ رہے عدم تحمل پر فکر اداکار عامرخان کی بیوی کرن نے ظاہر کی تھی لیکن انہیں کسی نے کچھ نہیں کہا بلکہ سب لوگ عامر کے پیچھے پڑگئے ایک بیوی اپنی فکر اپنے شوہر سے نہیں ظاہر کرے گی تو کس سے ظاہر کرے گی ۔عامر نے اپنی بیوی کی بات ایک پروگرام میں صرف کہی تھی انہوں نے کہا کہ سوال کرن سے کرنے کے بجائے لوگ عامر کے ہی پیچھے پڑگئے ۔ اداکار کردارکو نبھاتاہے ،سیاست اداکاری نہیں کردار کا نام ہے ۔اس سے قبل کمیشن کے چیئر مین حاجی شکیل احمد اقلیتی فلاح وبہبود کے سکریٹری ایس پی سنگھ کمیشن کے اراکین محمدعاصم ،رضانیلم رومیلاسنگھ ،ریبا سنگھ ، سابق پولیس کمشنر کرم ویر سنگھ، سہیل ایو ب زنجانی سمیت دیگر لوگوں نے خطاب کیا ۔پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے قاری محمدحذیفہ اورنظامت کمیشن کے رکن شفیع عاظمی نے کیا ۔پروگرام میں ریاست کے وزیر شاہد منظور ، محبوب علی ، وسیم احمد، اقبال محمود اورجاوید عابدی سمیت دیگر لوگ موجودتھے ۔
مودی حکومت کے خلاف ایس ڈی پی آئی کا احتجاج
لکھنؤ۔19دسمبر(فکروخبر/ذرائع )ملک میں مبینہ عدم تحمل کی مخالفت میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے کارکنوں نے جمعہ کو حضرت گنج واقع گاندھی مجسمہ کے سامنے احتجاج کیا ریاست کے الگ الگ حصوں سے متحد ہوئے سیکڑوں کارکنوں نے مودی حکومت کے خلاف جم کر نعرے بازی کی ۔دن بھر چلے احتجاج کے بعد پارٹی عہدیداروں نے گورنر کے نام ضلع انتظامیہ کے افسر کو ایک عرضداشت دیکر احتجاج ختم کیا ۔وہیں اس معاملے کو لیکر ایس ڈی پی آئی پورے ملک میں چلائی جارہی ۲۲ روزہ مہم کے تحت ۱۳ دسمبر کو علی گڑھ میں مہم کا اختتام کرے گی ۔ اس دوران پارٹی کے قومی صدر اے سعید نے مودی حکومت پر سخت حملے کئے ۔انہوں نے کہا کہ اخلاقی بنیاد اورجمہوریت کے وصولوں کومودی حکومت بھول گئی ہے ۔ملک بدنظمی کے دور سے گزررہاہے ۔ہردن عدم تحمل کے واقعات سامنے آرہے ہیں ۔
اوروزیراعظم نریندرمودی خاموش ہیں ۔انہوں نے ریاستی حکومت کوبھی اپنی تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کی جانب سے بھی دھوکہ ہی ملاہے ۔ یوپی میں سب سے زیادہ فرقہ وارانہ واقعات سامنے آئیں ہیں لیکن حکومت اس پر کوئی سخت قدم نہیں اٹھارہی ہے ۔ انہوں نے دلتوں ،اقلیتوں اور آدیواسیوں کے حقوق کے تحفظ کا معاملہ اٹھایا قومی نائب صدر شرف الدین احمد نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ملک کا ماحول اتنا خراب ہوچکا ہے کہ ادیب، فنکار، سائنس داں ،تاریخ نویس ، اپنے اعزاز واپس کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔اس سے یہ واضح ہوتاہے کہ یہ سبھی ہندوستان میں جمہوریت اورتاناشاہی کی حکومت کو قائم کرنے کے خلاف ہیں ۔ اس دوران نفیس نوری ،بھون ناتھ پاسوان ،محمددلشاد، صاحب عالم ، سلمان وغیرہ موجودتھے ۔
اعظم خاں قانون سازی کی راہ میں راج بھون کو سمجھتے ہیں رکاوٹ
لکھنو ۔19دسمبر(فکروخبر/ذرائع )اطفال پارلیمنٹ میں آج بچوں نے شہروں کے نالوں ، نالیاں اور صفائی کا معاملہ اٹھایا تو وزیر شہری ترقیات محمد اعظم خاں نے راج بھون پر نشانہ سادھتے ہوئے کہاکہ نالیوں اور شہر کی صفائی کی ذمہ داری نگر پالیکااور بلدیہ کی ہے۔تقریباً سبھی بڑے شہروں کے میئر بی جے پی کے ہیں۔اعظم نے علی گڑھ کے طالب علم محمد انس کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بچے کے اس سوال پر افسوس ہے۔ لیکن وہ کیا کرسکتے ہیں۔ میئر سے وہ کچھ پوچھ نہیں سکتے ، حکومت ان سے حساب نہیں لے سکتی۔اس بدعنوانی پر قابو پانے کیلئے ریاستی حکومت نے ایک سال قبل ایک قانون بنایا تھا جس کے تحت میئر اور نگر پالیکا کے چیئر مین کو جوابدہ بنایا گیا تھا۔ ان پر کارروائی کا بندوبست تھا لیکن راج بھون سے اس بل کو منظوری نہیں ملی۔ آج بھی وہ فائل وہاں گرد کھاررہی ہے۔ ایسے میئر نالی کیوں صاف کرائیں گے جن کی پہنچ راج بھون تک ہے۔اعظم نے ایک اور طالبہ فیض آباد کی ایشوریہ دوبے کے اجودھیا کی ترقی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہاکہ اجودھیا کے سلسلے صرف ہندوو ں کا ہی نہیں مسلمانوں کا اعتقاد ہے۔ یہاں مسلمانوں کے ایک نبی کے بیٹے جناب شیث کی قبر ہے۔ مسلمان بھی اجودھیا کو احترام کی نظر سے دیکھتاہے۔اجودھیا کی ترقی کیلئے سب سے زیادہ پیسہ انہوں نے دیا۔وارانسی کے گھاٹوں کا سب سے زیادہ ترقیاتی کام انہوں نے ملائم سنگھ کے ساتھ کیا ا?ج بھی وارانسی میں ان کے ناموں کے پتھر اس بات کے گواہ ہیں۔ ان کی نظر میں مذہب اور ذات کوئی معنیٰ نہیں رکھتے۔ اعظم خاں نے بغیر نام لئے مرکزی حکومت کو نشانے پر لیتے ہوئے کہاکہ بڑی کرسی پر بیٹھے کچھ لوگوں کے بڑے بول نفرت پھیلارہے ہیں۔ نفرت کی آندھی تباہی لاتی ہے۔ ملک اور گائے اور گنگا سے نہیں چلے گا۔ملک چلانے کیلئے نفرت نہیں محبت کی ضرورت ہوتی ہے۔
ضمانت عرضی منظور
لکھنو ۔19دسمبر(فکروخبر/ذرائع ) گائے ذبح کرنا اور اس کے گوشت کو فروخت کرنے والے چار ملزمین کی ضمانت کی درخواست کو ضلع سیشن نے منظور کرلیا۔ ملزمان محمد عبید ، محمد فاروق عرف کلو ،بابرقریشی ،زید قریشی ، باشندگان بلوچ پورہ کو پولیس نے کٹرا خدایار خان چوراہے پر واقع دکان پر گائے ذبح کرکے اس کا گوشت فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ ملزمان کی جانب سے وکیل محمد صولت وسیم نے بحث کی۔ عدالت میں صولت وسیم کی دلیل کو تسلیم کرتے ہوئے ملزمان کو رہا کرنے کا حکم دیا۔
اردو متبادل لیاقت امتحان ۲۸،۲۹و۰ ۳ دسمبر کو
لکھنو ۔19دسمبر(فکروخبر/ذرائع )سکریٹری امتحان کنٹرولر افسر اترپردیش الہ آباد کے ذریعہ منعقد اردو متبادل لیاقت امتحان ۱۶۔۲۰۱۵کا انعقاد آئندہ ۲۸،۲۹و۰ ۳ دسمبر کو ہوگا۔یہ امتحان گورنمنٹ انٹر کالج نشاط گنج لکھنو ،گورنمنٹ انٹر کالج مرادآصباد ،ضلع تعلیمی و تربیتی ادارہ گاندھی مارگ سول لائنس الہ آباد اور ضلع تعلیمی و تربیتی ادارہ آگرہ میں منعقد ہوں گے۔اردو متبادل لیاقت امتحان ان افسران و ملازمین کے لئے منعقد کئے جا رہے ہیں جنہوں نے ہائی اسکول سطح یا اس کے مساوی نیز اعلیٰ سطحی امتحان میں اردو سبجیکٹ کی صورت میں نہ لی ہو۔افسران ملازمین ہائی اسکول سطح اردو متبادل لیاقت امتحان دیں گے۔اسی طرح جونیئر ہائی اسکول یا مساوی نیز اعلیٰ سطحی امتحان میں اردو سبجیکٹ کے طور پر نہ لینے والے امیدوار جونیئر ہائی اسکول سطح کی اردو متبادل لیاقت امتحان میں حصہ لیں گے۔
اشوک بنرجی جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات مقرر
لکھنو ۔19دسمبر(فکروخبر/ذرائع)محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ میں ۵۹۹۱ بیچ کے ڈپٹی ڈائریکٹر اشوک کمار بنرجی کو ریاستی حکومت کے ذریعہ جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔مسٹربنرجی نے جوائنٹ ڈائریکٹر اطلاعات کے عہدے کی ذمہ داری آج سے سنبھال لی ہے۔مسٹر بنرجی نے ڈائریکٹر اطلاعات کے ذریعہ یوپی اسٹیبلیشمنٹ سیکشن،پریس سیکشن ،نمائش سے متعلق کام ،گیت و ناٹک ،قومی تقاریب، نکاسی سیکشن ، اسکروٹنی کے زیادہ تر سیکشن کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔موصوف سال ۰۹۹۱ میں پبلک سروس کمیشن سے گیت و ناٹک افسر کے عہدے پر منتخب ہوکر انہوں نے اطلاعات محکمہ میں عہدہ سنبھالا تھا۔گیت و ناٹک کے شعبہ میں ان کی قابل ذکر خدمات رہی ہیں۔مسٹر بنرجی جن اضلاع اور منطقوں میں تعینات رہے ان کا کام ہمیشہ قابل ذکر اور قابل تعریف رہا۔
نامکمل تجاویز لانے پر افسران کی سرزنش
لکھنؤ۔19دسمبر(فکروخبر/ذرائع )شہر کے آمدورفت مسئلے کے حل کیلئے ادھوری تجاویز لیکر آنے پر ایل ڈی اے ، آواس وکاس ،پی ڈبلیو ڈی ، نگرنگم اور ٹریفک پولیس کو کمشنر مہیش کمار گپتانے سرزنش کی ہے ۔ کمشنر نے سبھی محکموں سے آئندہ چار دن کے اندر مکمل تجاویز تیارکرکے پیش کرنے کی ہدایات دی ہیں ۔ کمشنر جمعہ کو اپنے دفتر میں شہر کے آمدورفت کے مسئلے کے حل کو لیکر منعقد جلسے کی صدارت کررہے تھے جلسہ میں ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر آمدورفت پولیس کے افسر حبیب الحسن اوردیگر افسران موجو دتھے ۔
خواتین کے حقوق پر دوروزہ سمینار
لکھنؤ۔19دسمبر(فکروخبر/ذرائع ) نیشنل پی جی کالج اورقومی خواتین کمیشن کے زیراہتمام مالتی نرائن انٹرکالج موہن لال گنج میں خواتین کیلئے دوروزہ بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا افتتاح ترقیاتی افسرنے چراغ روشن کرکے کیا ۔ پروگرام کی افتتاحی نشست میں ویلفیئر فاؤنڈیشن کے پرشانت سنگھ نے خواتین کے حقوق اور ان کے لئے بنائے گئے قوانین کے سلسلے میں خیالات کا اظہار کیا ۔پروگرام کے افتتاح کے موقع پر ڈاکٹرایس پی سنگھ نے بتایا کہ ہندوستان میں قانونی طورسے خواتین کو مردوں کے مساوی ہی ہر طرح کے حق حاصل ہیں ۔ اس کے لئے بیداری پھیلانے کی ضرورت ہے اور اس طرح کے پروگراموں سے ہی اس کوشش کو کامیابی حاصل ہوسکتی ہے پروگرام کے دوسرے دور میں ڈاکٹرراشدہ اطہر لکچررامبیڈکر یونیورسٹی نے خواتین کے حقوق کے بارے میں بتاتے ہوئے ان کے اوپر ہورہے مظالم کے بارے میں واقف کرایا ۔ خواتین اپنے اوپر ہورہے مختلف مظالم سے کیسے نجات پائیں اس موضوع پر ڈاکٹرراشدہ نے اپنے خیالات پیش کئے ۔ ارپتا ٹنڈن نے خواتین کو ۰۹۰۱ ،خواتین کمیشن اورخواتین ہیلپ لائن کے بارے میں بتایا۔پروفیسر ڈی این ایس یادو لکھنؤ یونیورسٹی نے بھی خواتین کو سماج میں ہورہے خواتین سے متعلق جرائم کے سلسلے میں واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ بیدار خواتین ہی اچھے سماج کی تعمیر کرسکتی ہیں ۔ڈاکٹرپی کے سنگھ نیشنل پی جی کالج نے خواتین کو وقار دلانے کی وکالت کرتے ہوئے اظہار خیال کیا ۔
مظالم پر احتجاج
لکھنؤ۔19دسمبر(فکروخبر/ذرائع)ایک جلسہ جس میں نائجیریا میں شیعوں کے ساتھ ہورہے مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ۔ اس میں کہاگیا کہ نائجیریامیں فوج کی جانب سے شیعہ مسلمانوں کے ساتھ ظلم اورتشدد اورعالم دین شیخ ابراہیم زکزاکی کی گرفتاری ، دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی کے ساتھ نائجیریائی حکومت کے کندھے سے کندھا ملاکر چلنے کی نشاندہی کرتی ہے ۔حکومت ہند سے مطالبہ کیا گیاکہ وہ مداخلت کرکے نائجیریامیں شیعہ مسلمانوں کے ساتھ ہورہے ظلم وتشدد کو رکوائے اور گرفتار کئے گئے مولاناابراہیم زکزاکی کو رہاکرائے ۔ ورنہ نائجیریائی سفارت خانے کے سامنے بڑے پیمانے پر مظاہرہ کیاجائے گا۔
انجینئرنگ کالج کے ڈائریکٹر پر دست درازی کا معاملہ درج
غازی آباد۔19دسمبر(فکروخبر/ذرائع ) اترپردیش میں ضلع غازی آباد کے ایک انجینئرنگ کالج کے ڈائریکٹر پر ایک خاتون ٹیچر نے دست درازی کا الزام عائد کرتے ہوئے معاملہ درج کرایا ہے ۔پولیس کے مطابق لنک روڈ علاقے میں واقع انجینئرنگ کالج کے ڈائریکٹر پر وہاں پڑھانے والی خاتون ٹیچر نے چھیڑچھاڑ کا الزام لگایا۔ خاتون ٹیچر کا الزام ہے کہ ڈائریکٹر پربل کمار میٹنگ کے بہانے بلا کر اس سے چھیڑچھاڑ کرتا ہے ۔دریں اثنا ملزم ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ خاتون ٹیچر کی جانب سے ان پر عائد کردہ الزام بے بنیادہے ۔ پولیس نے اس سلسلے میں تفتیش شروع کردی ہے ۔
ضلع چھوڑ نے والے افسران کی اب خیر نہیں
بارہ بنکی۔19دسمبر(فکروخبر/ذرائع )سرکاری گاڑی سے لکھنؤ جانے والے افسروں کی نشاندہی کرلی گئی ہے ۔ ان افسران میں ضلع سطح کے افسر ، بی ڈی او سے لیکر ڈپٹی کلکٹر سطح کے افسر شامل ہیں۔ ان افسران کے خلاف ضلع مجسٹریٹ یوگیشوررام مشر نے سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ لیاہے۔ ان افسران کی تنخواہ روکنے کے احکامات دیئے گئے ہیں اور ان کے خلاف معطلی کی بھی سفارش کی جارہی ہے ۔ دراصل ضلع مجسٹریٹ نے ایسے افسران کو کئی بار آگاہ کیاتھا۔انہوں نے ہدایت دی تھی کہ بغیر ان کی اجازت کے کوئی بھی افسر صدر دفترچھوڑ کر نہ جائے لیکن آئے دن یہ سامنے آتا رہا کہ ضلع کے کچھ افسر لکھنؤ آنے جانے میں سرکاری گاڑیوں کا استعمال کرتے ہیں ۔ ان کا یہ کام قابل مذمت اور ڈسپلن کے خلاف زمرے میں آتاہے ۔ ضلع مجسٹریٹ نے واضح طور پر کہاہے کہ ایسے افسر ان کسی بھی حالت میں بخشے نہیں جائیں گے۔ ضلع مجسٹریٹ نے خود پایا کہ کچھ افسر سرکاری گاڑی سے لکھنؤ سے بارہ بنکی آرہے تھے ۔ انہوں نے ایسے افسران کی خود نشاندہی کی ۔ ان کے ذریعہ ایسے افسران کی اس ڈسپلن شکنی کا نوٹس لیاگیا ۔ افسران کے اس طرح کے کردار سے نہ صرف سرکاری کام کاج متاثر ہورہاہے بلکہ سرکاری گاڑی سے آنے جانے کی وجہ سے سرکاری رقم کا غلط استعمال بھی ہورہاہے۔ ایسے افسران کا یہ کردار سرکار رقم کا غبن کئے جانے کے برابر ہے اور معطلی کی بنیاد کا معقول سبب بنتا ہے ۔ افسران کے ایسے کردار سے ناراض ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے ان پر نظر رکھنے کیلئے مؤثر لائحہ عمل بنالیاگیا ہے ۔ جس کے تحت ایل آئی یو کو بھی ایسے افسران کے بارے میں رپورٹ دینے کیلئے کہا گیا ہے ۔ ضرورت پڑنے پر ایسے افسران کی گاڑیوں کی ویڈیو گرافی اور فوٹو گرافی کرائی جاسکتی ہے۔ آئندہ سے سرکاری گاڑی سے لکھنؤ جانے والے افسران پر سخت نظر رکھی جارہی ہے ۔ ہرحال میں ان کے خلاف کارروائی ہوگی ۔
پروفیسر محمد ریحان الیکٹرریسٹی شعبہ کے نئے ممبرا نچارج مقرر
علی گڑھ۔19دسمبر(فکروخبر/ذرائع )علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ذاکر حسین کالج برائے انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے الیکٹریکل انجینئرنگ شعبہ میں ایسو سی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد ریحان کو الیکٹریسٹی شعبہ کا نیا ممبر انچارج مقرر کیاگیا ہے۔ ان کی تقرری پروفیسر محب اللہ کی جگہ پردو سال کے لئے کی گئی ہے۔ڈاکٹر محمد ریحان گذشتہ۵۱برس سے الیکٹریکل انجینئرنگ شعبہ میں تدریسی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے ا سمارٹ پاور گرڈ اور انڈین ا سمارٹ گرڈ کے میدان میں اہم تحقیقی عمل انجام دیا ہے۔ان کے تحقیقی مقالات اہم ترین جرائد میں شائع ہوچکے ہیں۔ ڈاکٹر ریحان کو اہم ترین تعلیمی اداروں اور عالمی تحقیقی مراکز میں خطبات کے لئے مدعو کیا جا چکا ہے۔
Share this post
