اس موقع پر کئی وہ احباب اور اسکولوں کے ذمہداران جو اپنے اپنے اسکول وکالج میں اسلامیات کے نصاب جاری کئے ہوئے ہیں انہوں نے حیرت انگیز تاثرات پیش کئے اور اسلامیات کے اصل مقصد جس سے طلباء میں دینی بیداری اور بالخصوص غیرمسلم طلباء میں ہورہے اثرات کو گنوایا۔ اس موقع پر اکیڈمی کے جنرل سکریٹری مولانا الیاس ندوی نے اپنے تعارفی کلمات میں ان واقعات کا تذکرہ کیا جو واقعی حیرت انگیز تھے اور انہوں نے کہا کہ گولڈ میڈل کیسے اپنا رنگ دکھارہا ہے ،کھیل کود اور دیگر میدانوں میں تو گولڈ میڈل حاصل ہوتے ہیں مگر ان کو گولڈ میڈل نہیں کہا جاسکتا کیوں کہ وہ صرف خطاب ہوتا ہے ، مگر اکیڈمی کے زیرِ اہتمام اصل گولڈ بھی دیا جاتا ہے اور اسلامی تعلیم بھی،مولانا اس موقع پر ان تمام احباب کے نام گنوائے جو شروع دن سے ان کے ساتھ ہیں اور اکیڈمی کے خیرخواہان کا تذکرہ کیا۔ اور کہا کہ اسی کا دائرہ وسیع کرنے اورعصری علوم کے ساتھ ساتھ دینِ اسلام کو فروغ دینے کے لیے یہ دو دن کاکل ہند سیمینار منعقد کیا گیا ہے ۔ تاکہ اپنے آراء مشوروں کوسمجھنے کے علاوہ عملی میدان میں اس کو لانے کے بارے میں سوچا جائے اور اکیڈمی کی خدمات کو پوری دنیا میں پھیلایاجائے ۔ اس موقع پر عثمانیہ یونیورسٹی حیدرآباد کے سابق وائس چانسلر پروفیسر محمد سلیمان صاحب صدیقی نے اپنے تاثرات میں اس دوروزہ سیمینار اور ’’ کل ہنداسلامیات سنٹرس مشاورتی اجلاس‘‘ کے انعقاد پر مبارکبادی کے ساتھ ساتھ اکیڈمی کے جدو جہد کو سراہتے ہوئے کئی آراء و مشورے نوازے ، ان کی مختصر گفتگو میں آن لائن ایجوکیشن سسٹم پر زیادہ زور تھا اورانہوں اس موقع پر مشور ہ دیا کہ اگراسلامیات کو آن لائن یونیورسٹی میں تبدیل کرکے تمام چیزیں آن لائن پیش کی جائیں تو جہاں ہماری بات آج پہنچ رہی ہے اس سے اور بھی زیادہ لوگ فائد اُٹھائیں گے۔ انہوں نے مشور ہ دیا کہ ڈائرکٹوریٹ آف آن لائن اکیڈمی کا انعقاد، اور اسلامیات کے نصاب کا ہندوستان کے تمام زبانوں میں ترجمہ کیا جائے تاکہ ہندوستان کے ہر باشندے تک ہماری بات پہنچ سکے ۔ ملحوظ رہے کہ ناظمِ جامعہ اسلامیہ بھٹکل ماسٹر شفیع صاحب کے زیرِ صدارت اس نشست کا انعقاد ہوا تھا،مولانا عبدالرب خطیبی ندوی نے استقبالیہ کلمات پیش کئے، مندوبین نے تبادلۂ خیال کیا، کئی اہم مشوروں سے نوازا۔ ڈاکٹر عبدالحمید اطہر ندوی اور مولانا علیم خطیبی کی نظامت میں چل رہی یہ نشست قریب دیڑھ بجے دعائیہ کلمات پر اپنے اختتام کو پہنچی
Share this post
