بھٹکل19؍ دسمبر 2022(فکروخبرنیوز) جامع مسجد بھٹکل کے سابق امام وخطیب اور سابق مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا عبدالباری صاحب ندوی رحمۃ اللہ علیہ کی طرف منسوب محلہ ‘‘ مولانا عبدالباری اسٹریٹ’’ میں نو تعمیر شدہ عمارت مسجد فاطمہ عبداللہ العطار کا افتتاح آج عصر کی نماز سے ہوا۔ پہلی نماز قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی کی امامت میں ادا کی گئی اور پہلی اذان رفیق فکروخبر مولانا ابراہیم اظہر برماور ندوی نے دی۔
اس موقع پر جماعت کے ذمہ داران اور علماء نے اپنے خیالات کے اظہار کے دوران کہا کہ مسجدیں اللہ کا گھر ہوتی ہیں اور انہیں آباد کرنے کی فکر تمام مصلیان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجدوں کے ذریعہ ہمارا تعلق اللہ تعالیٰ سے مضبوط سے مضبوط تر ہونا چاہیے اور اسی کے ساتھ ہم اپنے مسائل کو اللہ کے سامنے پیش کرنے والے بن جائیں۔ اسی طرح بتایا گیا کہ امام مؤذن اور مسجد کے خادمین کی اسلام کی نگاہ میں بڑی قدرومنزلت ہیں، انہیں صرف ذمہ داری دی جاتی ہے لیکن ہر مسجد آنے والوں کی بھی ذمہ داری ہے وہ مسجد کی صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ اس کی ضرورتوں کا خیال رکھیں۔ اسی طرح مسجدوں میں قرآن کریم کے پڑھنے پڑھانے کا بھی اہتمام ہونا چاہیے۔ خصوصاً بڑی عمر کے افراد جنہیں اب تک قرآن کریم پڑھنا نہیں آتا ہے وہ بھی اس سلسلہ میں آگے آئیں اور قرآن پڑھنا سیکھیں۔ یہ بات یاد رکھیں کہ قرآن کی تعلیم کے لیے شرمانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مسجد کے تعاون کی بھی اپیل کی گئی اور جن حضرات نے مسجد کی تعمیر میں اور اس کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے اپنا تعاون پیش کیا ہے ان کا بھی شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ مسجد جماعت المسلمین بھٹکل کے زیر تولیت ہے اس کے ساتھ ہی جماعت کی زیر تولیت مساجد کی کل تعداد 16 ہوگئی ہے۔
Share this post
