زیر تعمیر عمارت سے مشکوک حالت میں لاش بازیافت

کنداپور 27؍ دسمبر 2018(فکروخبر نیوز) زیر تعمیر عمارت سے ایک نوجوان کی لاش مشکوک حالت میں بازیافت ہوئی ہے ۔ مہلوک شخص کی شناخت ہریش کندر (28) کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کوٹا پولیس تھانہ حدود کے ساستھان کی زیر تعمیرعمارت میں ایک نوجوان لیٹے ہوئے پایا گیا۔ عمارت کی نچلی منزل کچھ لوگ رہائش پذیر ہیں اور اس کی پہلی منزل کا کام جاری ہے۔ جب نوجوان کو سوتا ہوا دیکھا گیا تو لوگوں نے یہ سمجھ کر خاموشی اختیار کی کہ کوئی مزدور آرام کررہا ہے۔ جب سورج نکلنے کے بہت دیر کے بعد بھی نوجوان اپنی جگہ سے نہیں ہلا تو بعض لوگوں کی جانب سے قریب میں جاکر دیکھنے کے بعد پتہ چلا کہ اس کی موت واقع ہوچکی ہے اور اس کے کان سے خون بہہ رہا ہے۔فوری طور پر مقامی لوگوں نے پولیس کو خبر کردی جنہوں نے لاش اپنی تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ کل شام ایک دکان پر اس کو شراب پیتے ہوئے دیکھا گیا تھا لیکن نشہ کا عادی ہونے سے انہوں نے انکار کردیا ہے۔لاش ملنے کے بعد لوگوں نے قتل کا شبہ بھی ظاہر کیا ہے۔ کوٹا پولیس نے معاملہ درج کرلینے کے بعد تحقیقات شروع کردی ہیں۔

Share this post

Loading...