بھٹکل کی بزم ادب کے نوجوانوں نے تر نم سےسماں باندھ دیا
بھٹکل: 04؍اکتوبر2021(فکروخبرنیوز) آ ج کے دور میں نوجوانوں کو ادب سے روشناس کرانا اور ان میں شعر گوئی و شعر فہمی کا ذوق پیدا کرنا بہت ضروری ہے ۔ادبی محفلیں ادب کے ذوق کو پروان چڑھانے میں بہت مدد گار ہوتی ہیں۔
گزشتہ کل معروف شاعر و ادیب اور بھٹکل کے قد آور صحافی محترم ڈاکٹر حنیف شباب نے بھٹکل کے یوتھ مریم علی کی جانب سے مریم علی کالونی میں منعقدہ ایک ادبی محفل میں کلیدی خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے ایسی ادبی محفلوں کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی اور ذوق کی آبیاری کے لئے یہ سلسلہ جاری رکھنے کا مشورہ دیا ۔ بزم میں بھٹکل کے جواں سال عالم دین امام تنظیم جمعہ مسجد و استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا عرفان ندوی بھی بحیثیت مہمان مدعو تھے ۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ مدارس اور اسکولوں کے طلبہ کا اس طرح مل جل کر پروگرام کرنا اور نوجوان نسل کو ادب کے راستے سے دین کے قریب کرنا قابل قدر کام ہے، انہوں نے بھی طلبہ کے اس اقدام پر مبارکباد دی ۔ شہر کی معروف شخصیت جناب مصطفی تابش اپنی ناسازی صحت کے باوجود دلجمعی کے ساتھ پورے پروگرام میں شریک رہے اور صدارت کی ۔
در اصل یہ ادبی نشست مریم علی کالونی میں مدارس اور کالج کے طلبہ نے مشترک طور پر منعقد کی تھی جس میں طلبہ نے نامور اسلامی شعرا کا کلام اپنی مترنم آواز میں حمد،نعت،ترانہ،غزل،گیت پیش کر کے سامعین کو محظوظ کیا ۔ ادبی اجلاس کےمنتظم نوجوان عالم دین مولوی عبد اللہ برماور نے میڈیا کو بتایا کہ یہ سلسلہ گزشتہ کئی مہینوں سے جاری ہے اور محلے کے نوجوان اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ۔
واضح رہے کہ مولوی اسماعیل برماورکی تلاوت سے اس بزم کا آغاز ہواتھا ، نظامت مولوی رائف اور ثمامہ صدیقی نے کی۔
Share this post
