بھٹکل 09؍دسمبر2023(فکروخبرنیوز) مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کا سالانہ اجلاسِ عام کل بروز جمعہ 8 دسمبر بعد عشاء خلیفہ جامع مسجد میں منعقد کیا گیا جس میں سالانہ رپورٹ پیش کی گئی اور اسے منظوری دے دی گئی۔
اس موقع پر قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نےموجودہ حالات پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے حالات اس قدر سنگین ہوگئے ہیں کہ آج دنیا کے خطہ میں ظلم وستم کی انتہا ہورہی ہے لیکن اس کے باوجود ہمارے اپنے حالات پر کوئی فرق نہیں پڑرہا ہے۔ ہمارے ملک کے جو حالات ہیں وہ کیا بتارہے ہیں؟ آئے دن اس طرح کے واقعات پیش آرہے ہیں لیکن ہمارے اندر کوئی تبدیلی نہیں ہورہی ہے۔ مولانا نے کہا کہ ملک کے حلات ہمارے لیے کوئی اچھی خبر نہیں دے رہے ہیں، ہم حالات سے خائف نہیں ہیں، سب کچھ اللہ کے ہاتھ میں ہے اور اس کی مدد آنے والی ہے لیکن ہمارے اپنے حالات ایسے ہیں جس کی وجہ سے کیا ہم یہ امید لگاسکتے ہیں کہ اللہ کی مدد آسکتی ہے؟ ان حالات میں ہمیں محاسبہ کرنے اور اپنے اعمال درست کرنے کی ضرورت ہے اور ہمیں ایسے حالات میں مسلکی ، جماعتی ، گروہی ، عقائدی اختلافات چھوڑ کر متحد ہوناچاہئے ۔ مولانا نے اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا کہ ہم ایک قبیلہ سے تعلق رکھنے والے ہیں اور ایک زبان بولتے ہیں۔ چھوٹے سے علاقہ میں رہتے آرہے ہیں، اگر کسی موقع پر ہمارے اندر اختلاف ہوا ہے تو اس اختلاف کو آگے بڑھانے کے بجائے ہمیں ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ غلطیاں انسان سے ہی ہوتی ہیں اور ان غلطیوں اور اختلافات کو لے کر بیٹھ جانا ہمارا شیوہ نہیں ہے۔ ۔ ہمارے سامنے اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ کی تعلیمات ہیں اور حضراتِ صحابہ کا عمل ہے ، ان چیزوں کی روشنی میں ہمیں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
مولانا کے خطاب سے قبل جناب برنی ہاشم نے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ آپ حضرات جماعت کی محبت میں یہاں تشریف لائے ہیں۔ وقفۂ سوالات میں اگر کسی کے بارے میں استفسار کرنا چاہتے ہیں تو قاضی صاحبان ، علماء اور مجلس کے آداب کا لحاظ کرتے ہوئے کریں۔ انہوں نے کہا کہ بعض فیصلے ظاہری طور پر ہمیں اچھے نہیں لگتے لیکن اس کے نتائج ملت کے لئے سود مند ثابت ہوتے ہیں۔
صدرِ جماعت جناب ایس ایم سید محی الدین صاحب صدارتی کلمات اور نائب صدرِ دوم جناب ڈاکٹر زبیر صاحب کلماتِ تشکر پیش کیے۔ نظامت کے فرائض مولانا انجم اسماعیل گنگاولی ندوی اور مولانا ارشاد نائیطے ندوی نے انجام دیے۔
Share this post
