جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے ہیبلے گرام پنچایت کا کچرہ نکاسی کا مسئلہ اٹھاکرسبھوں کو حیران کردیا
بھٹکل 02؍ اگست 2018(فکروخبر نیوز) ماری ہبہ تہوار کو امن وامان کے ساتھ منانے کے لیے محکمۂ پولیس کی جانب سے آج پیس میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام مذہبی نمائندوں نے اپنے اپنے اداروں سے نمائندگی کی۔ اس موقع پر بھٹکل ڈی وائی ایس پی ویلانٹائن ڈیسوزا نے اس میٹنگ کو انعقاد کرنے کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مواقع پر بھائی چارگی کو فراہم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے اپنا بھرپور تعاون پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ اس موقع پرابھرتے ہوئے لیڈر جناب عنایت اللہ شاہ بندری نے موقع کی مناسبت کو دیکھتے ہوئے ہیبلے پنچایت کی جانب سے کچرہ نکاسی کے لیے ہونے والی بے توجہی کو سامنے پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اہم شاہراہ سے متصل حنیف آبادکراس کے قریب منیٰ روڈ رپر کچروں کا ڈھیر لگا ہوا ہے لیکن انتظامیہ کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے۔ پنچایت اس سلسلہ میں کوئی قدم اٹھارہی ہے اور نہ افسران اس کا نوٹس لے رہے ہیں جس کی وجہ سے کثیر تعداد میں لوگ وہاں جاکر کچرہ پھینک کر چلے آتے ہیں۔ وہاں جاکر آپ معائنہ کیجئے کہ کس مقدار میں وہاں کچرہ جمع ہوچکا ہے۔ انہو ں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ اس طرف اگر توجہ نہیں دے دیتی تو وہ تمام مذاہب کے عوام کو لے کر اس کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے سخت احتجاج کریں گے۔ اس کے باوجود بھی اگر مسئلہ حل نہیں ہوا تو عوام سے چندہ کرکے وہاں سے کچرہ نکاسی کا بندوبست کرنے کی کوشش کی جائے گی، انہوں نے ذمہ داران سے درخواست کی کہ فوری طور پر اس مسئلہ کی طرف توجہ دیتے ہوئے اسے فوری طور پر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ ہیبلے گرام پنچایت کے عوام نے کچرہ نکاسی کو لے کر پنچایت کے ذمہ داروں کو یادداشت پیش کی جاچکی ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ کچرہ نکاسی کے بعد ان کے پاس کوئی ایسی جگہ نہیں ہے جہاں پر وہ کچرہ ڈال سکے اس وجہ سے انہیں کچرہ نکاسی میں دقتیں پیش آرہی ہیں۔ پیس میٹنگ میں دیگر کئی اہم امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
Share this post
