بھٹکل انجمن کی نصف صدی سے زائد خدمت انجام دینے والی شخصیت مرحوم دامدا حسن شبر صاحب کے انتقال پر تعزیتی اجلاس

bhatkal, bhatkal anjuman, anjuman hami e muslimeen bhatkal, damda hasan shabbar sahab, bhatkal taziyati ijlas,

بھٹکل11؍ اپریل2022(فکروخبرنیوز/ذرائع) انجمن حامئ مسلمین بھٹکل کے لیے نصف صدی سے زائد اپنی خدمات پیش کرنے والے جناب دامدا حسن شبر صاحب (بڈور) گذشتہ دنوں انتقال کرگئے ۔ ان کے انتقال پر شہر کے پانچوں مرکزی اداروں (جماعت المسلمین بھٹکل ، مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل ، انجمن حامئ مسلمین بھٹکل ، جامعہ اسلامیہ بھٹکل ، مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل ) نے اپنی گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ ولواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

آج بعد عصر انجمن آباد میں واقع انجمن مسجد میں پانچوں مرکزی اداروں کی جانب سے ایک تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی ذمہ داران اور عمائدین کے ساتھ ساتھ دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم وہاں کی جماعتوں اور تنظیموں کے ذمہ داران نے آن لائن اس نشست میں شرکت کی اور اپنے خیالات کا بھی اظہار کیا۔

انجمن حامئ مسلمین بھٹکل کی جانب سے تعزیتی قرارداد پیش کرتے ہوئے جنرل سکریٹری انجمن جناب صدیق اسماعیل صاحب نے کہا کہ باون سال تک جناب مرحوم حسن شبر صاحب نے اپنی خدمات انجام دی ہیں ۔ اس دوران وہ انجمن کے مختلف عہدوں پر فائز رہے اور اپنے تجارتی مصروفیات کو بالائے طاق رکھ کر انجمن سے اپنی محبت کا پورا ثبوت پیش کیا اور اس کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے کوشاں رہے۔

مختلف اداروں کی جانب سے نمائندگی کرتے ہوئے علماء اور ذمہ داران نے کہا کہ مرحوم شبر صاحب کا شمار ان لوگوں میں ہوتا ہے جو قوم میں سب سے زیادہ دور اندیش کی حیثیت سے پہنچانے جاتے ہیں۔ وہ اپنی رائے مدلل انداز میں رکھتے تھے، چاہے میٹنگ میں موجود سبھی حضرات ان کی رائے سے اتفاق نہ رکھیں لیکن وہ اپنی رائے بڑی مضبوطی کے ساتھ رکھتے تھے۔ مقررین نے ان کی کئی اہم صفات گناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی کسی کی چاپلوسی نہیں کی ۔ انجمن سے جڑے رہتے ہوئے دیگر اداروں کے ذمہ داران کی ہمت افزائی کرتے تھے۔ ان میں صوم وصلوٰۃ کی بڑی پابندی تھی۔ جماعت سے نماز کا بڑا اہتمام رکتھے تھے۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ نئی نسل کو ان کی خدمات سے واقف کرانے کے لیے انجمن کو ان کی یاد بنانے کی ضرورت ہے ۔ قوم وملت کے لیے ان کی خدمات ایسی ہیں کہ جنہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

اس موقع پر رابطہ سوسائٹی سمیت مختلف جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے تعزیتی قرارادیں پیش کی گئیں جن میں مرحوم کے کئی اوصافِ حسنہ کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں اپنی زندگی میں اپنانے کی نصیحت کی گئی۔

اپنے تأثرات پیش کرنے والوں میں مولانا عبدالرب ندوی ، مولانا خواجہ معین الدین ندوی ، مولانا مقبول احمد ندوی ، مولانا محمد الیاس ندوی ، مولانا عبدالعظیم ندوی ، مولانا عبدالعلیم قاسمی ، جناب قاضیا مزمل صاحب ، جناب محمد صادق پلور صاحب ، جناب عتیق الرحمن منیری ، جناب عبدالسلام صاحب اور کئی دیگر قابلِ ذکر ہیں۔ نظامت کے فرائض جنرل سکریٹری تنظیم مولانا عبدالرقیب ایم جے ندوی نے انجام دئیے۔

 

Share this post

Loading...