اظہارِ تعزیت بروفات محترم عبدالغنی محمد حسینا (چنا) منجانب : ادارہ فکروخبر بھٹکل

محترم صدر وسکریٹری اوراراکین بھٹکل مسلم جماعت ممبئی
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
امید کہ تمام بخیر وعافیت ہوں گے۔
یہ خبر نہایت افسوس کے ساتھ سنی گئی کہ بھٹکل مسلم جماعت ممبئی کے ایک قدیم رفیق جناب عبدالغنی محمد حسینا (چنا) صاحب مختصر ترین علالت کے بعد ماہِ رمضان کی مبارک شب میں اس دارِ فانی سے دارِ آخرت کی طرف کوچ کرگئے۔ إنا لله و إنا إليه راجعون۔ بے شک  یہ اللہ تعالیٰ کا دستور ہے کہ دنیا میں جو بھی آتا ہے وہ ایک متعین وقت لے کر آتا ہے۔
مرحوم عبدالغنی صاحب کی شخصیت ہمیشہ دوسروں کے لیے اس حیثیت سے قابلِ تقلید اور نمونہ رہے گی کہ زندگی میں وہ جن اوصاف سے متصف تھے بہت ہی کم لوگ ان جیسے اوصاف سے متصف ہوتے ہیں۔ آپ کو جماعتی زندگی سے غیر معمولی وابستگی تھی، آپ جماعت کے ذریعہ انجام پانے والے ہر کام میں اپنا ممکنہ تعاون کرتے تھے۔ یہ تعاون صرف ممبئی جماعت کی حد تک محدود نہیں تھا بلکہ بھٹکل کے تمام مرکزی اداروں کے ساتھ ساتھ شہر میں ہونے والی بعض دوسری سرگرمیوں میں بھی تھا۔ مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے ممبئی جماعت کی طرف سے وہ نمائندے رہے، اسی طرح انجمن حامیئ مسلمین بھٹکل کے بھی رکنِ انتظامیہ رہ چکے تھے۔ اداروں کے ساتھ ان کی محبت اور تعاون اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ وہ اجتماعی نظام سے خود بھی مضبوطی کے ساتھ جڑے تھے اور دوسروں کو بھی جڑے رہنے کی نصیحت کرتے رہتے تھے۔ اداروں کے خلاف زبان درازی کرنے والوں اورعہدیداران کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو ہمیشہ ٹوکتے رہتے اور صحیح صورتحال ان کے سامنے بیان کرکے انہیں اجتماعی نظام سے جڑے رہنے پرزور دیتے۔
مرحوم بڑے ملنسار اور خوش مزاج تھے، ہر دلعزیز تھے،اپنے بڑوں کی باتوں پر عمل پیرا ہونے کا جذبہ اور اپنے سے چھوٹوں پر شفقت ومحبت سے پیش آنا ان کا امتیازی وصف تھا۔
ہم ادارہ فکروخبر بھٹکل کی جانب سے مرحوم کے اعزا واقارب اور اہلِ خانہ کے ساتھ ساتھ آپ کی جماعت سے منسلک جملہ احباب سے تعزیت پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ آپ کی بال بال مغفرت فرمائے، ان کی سیئات کو حسنات سے مبدل فرمائے، جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے، ان کی جملہ خدمات قبول فرمائے اور ہمیں بھی ان کے اوصاف اپنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
والسلام
سید ہاشم نظام ایس ایم ندوی
ایڈیٹر انچیف ادارہ فکروخبر بھٹکل

23 رمضان المبارک 1441ھ 

15؍ مئی 2020

Share this post

Loading...