بھٹکل کے قریبی علاقہ منکی کے مولوی سلطان ابن اسماعیل الجی ندوی نے فضیلت کی تکمیل کے بعد مکمل کی وکالت کی تعلیم : فکروخبر سے خاص بات چیت میں انہوں نے دیا یہ اہم پیغام!

بھٹکل 06؍ اکتوبر2021(فکروخبرنیوز) بھٹکل کے قریبی علاقہ منکی سے تعلق رکھنے والے مولوی سلطان ابن اسماعیل الجی ندوی نے بنگلورو سے اپنی وکالت کی تعلیم مکمل کرلی ہے جس پر انہیں ڈھیر ساری مبارکبادی کے پیغامات موصول ہورہے ہیں۔

انہوں نے اس پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے والدین ، بہن بھائیوں اور دوست و احباب کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے اسے اس میدان میں آگے بڑھنے کے لیے ہمیشہ حوصلہ دیا اور ان کی ہمت باندھی۔

فکروخبر سے بات چیت کرتے ہوئے مولوی سلطان الجی ندوی نے بتایا کہ ان کی ابتدائی تعلیم منکی کے ایک اسکول میں ہوئی پھر دو سال گذارنے کے بعد ان کی والدہ کا رجحان دینی تعلیم کی طرف ہوا اور انہوں نے مدرسہ رحمانیہ میں میرا داخلہ کرایا۔ یہاں کی تعلیم کے بعد جنوبی ہند کی عظیم درسگاہ جامعہ اسلامیہ بھٹکل سے عالمیت کی تکمیل کی اور عالم اسلام کی مشہور درسگاہ دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنو سے فضیلت مکمل کیا۔

انہوں نے بتایا کہ فضیلت کی تعلیم کے بعد انہیں احساس ہوا کہ وکالت کی تعلیم کے ذریعہ وہ اپنی تعلیم مزید جاری رکھ سکتے ہیں، انہوں نے گھر والوں سے مشورہ کرنے پر ان کی طرف سے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس کے لیے آگے بڑھنے کا مشورہ دیا ، اسی کے پیشِ نظر انہوں نے ایس ایس ایل سی اور پی یو سی کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد سن 2016 عیسوی میں بنگلورو کے الامین لاء کالج میں داخلہ لیا جہاں پانچ سال وکالت کی تعلیم حاصل کی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے لیے وکالت کے میدان میں آگے بڑھنے کا حوصلہ اساتذہ کی ان باتوں سے ملا جس میں ہمیشہ وہ اس بات پر زور دیا کرتے تھے کہ عالم صرف مسجد اور مدرسہ تک محدود نہ رہے بلکہ مختلف میدانوں میں آگے بڑھتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرے۔ انہوں نے اس بات کی وضاحت کی کہ اب تک جتنی تعلیم انہوں نے حاصل کی ہے اس کے لیے دینی تعلیم قدم قدم پر ان کے کام آئی ہے، یہ بات ان افراد کے لیے کھلا جواب میں جو ہمیشہ مدارس کے نصاب کو فرسودہ قرار دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ یہاں سے فراغت پانے والے صرف مسجد اور مدرسوں تک ہی محدود رہتے ہیں ۔ مولوی سلطان نے بتایا کہ مدارس کا انگریزی نصاب ہی پڑھ کر انہوں نے اب تک کا یہ سفر مکمل کیا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ مدارس میں پڑھائے جانے والے نصاب میں بھی صحیح محنت کی جائے تو بہت کچھ سیکھا جاسکتا ہے۔

ادارہ فکروخبر مولوی سلطان ابن اسماعیل الجی کی خدمت میں دلی مبارکبادی پیش کرتا ہے اور دعا کرتا کہ اللہ تعالیٰ مزید ان سے قوم وملت کا کام لے ۔ آمین

Share this post

Loading...