منکی میں ایمبولنس اور میت کو غسل دینے کے دوران استعمال میں آنے والے ٹینٹ کا افتتاح

منکی22؍ مارچ 2021(فکروخبرنیوز/نمائندہ تعظیم ندوی) قصبۂ منکی میں ایمبولنس اور میت کو غسل دینے کے لیے استعمال میں آنے والے ٹینٹ کی ایک مدت سے شدید ضرورت محسوس کی جارہی تھی۔  آج اہالیانِ منکی کی یہ ضرورت پوری ہوئی اور اس کے لیے باقاعدہ افتتاحی تقریب بعد عصر پانچ بجے منعقد کی گئی۔ ایمبیولنس کا افتتاح جماعت المسلمین منکی کے سابق سکریٹری شاہ بندری قادر میراں صاحب کے ہاتھوں اور مولانا شکیل صاحب سکری ندوی کی دعا سے ہوا جبکہ پرنس ٹیم کے نوجوانوں نے میت کو غسل دینے کے لیے ایک ٹینٹ بناکر عوام کی اس ضرورت کو پورا  کرنے میں اپنا تعاون پیش کیا۔ 
پروگرام کا آغاز عبد الرافع شنگیری کی تلاوت سے ہوا جبکہ نظیف حاجیکا نے نعت پاک پیش کی۔  
جماعت المسلمین منکی کے نائب صدر حسن باپو حسن باپا صاحب نے پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالی جبکہ قاضی و خطیب جماعت المسلمین منکی مولانا شکیل احمد صاحب سکری ندوی نے موقع کی مناسبت سے اہم خطاب فرمایا،مولانا نے لاک ڈاؤن کا حوالہ دے کر مقامی افراد کو پیش آنے والی دشواریوں کا تذکرہ کرتے ہوئے اہالیانِ منکی کے لئے ایمبیولنس ایک اہم ضرورت قرا دیا اور اس کے پورا ہونے پر انھوں نے خوشی کا اظہار کیا،مولانا نے اس کار خیر میں حصہ لینے والے تمام احباب کو مبارکباد بھی پیش کی۔ 
اس موقع پر منکی کمیونیٹی دبئ کی جانب سے موصولہ لیٹر کو مولوی تعظیم قاضی ندوی نے پیش کیا،منکی کمیونیٹی جدہ کے سکریٹری حاجیکا خلیل صاحب،ڈاکٹر شٹی صاحب،منکی ہلیمٹھ پنچایت کے پی-ڈی-او  وغیرہ نے اپنے اپنے تائثرات پیش کئے اور اہم ضرورت کے پورا ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔
 پرنس ٹیم کی جانب سے عطیہ کردہ اس ٹینٹ کو چاروں طرف سے بند کیا جاسکتا ہے اور اس میں چھ سے آٹھ افراد آسانی کے ساتھ کھڑے رہ کر میت کو غسل دے سکتے ہیں اور اس کو جہاں چاہے آسانی سے منتقل بھی کیا جاسکتا ہے یہ ٹینٹ اب مرکزی ادارہ جماعت المسلمین کے حوالہ (وقف) کیا گیا ہے جو اب ادارے کی زیر نگرانی  رہے گا۔
واضح رہے کہ پروگرام کی صدارت جماعت المسلمین منکی کے صدر قاضی محمد ارشاد صاحب نے کی جبکہ نظامت جماعت المسلمین منکی کے نائب سکریٹری ساوڑا ابومحمد صاحب نے کی۔

Share this post

Loading...