منکی 16؍ جنوری 2024 (نمائندہ فکروخبر) اج منکی کی مشہور شخصیت جناب عبدالستار علی بابو اللہ کو پیارے ہوگئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون ۔ مرحوم ایک طویل مدت تک منکی کیمونیٹی جدہ کے صدر رہے اور اس عہدے پر رہتے ہوئے انہوں نے تعلیمی اور سماجی میدان میں میں بڑی خدمات انجام دیں۔
ادھر چند سالوں سے علیل چل رہے تھے اور مستقل طور پر منکی ہی میں مقیم تھے۔ گردے کی بیماری کی وجہ سے ایک عرصہ تک علاج جاری رہا ، آج قریب صبح پانچ بجے اسی تکلیف میں اپنے مالکِ حقیقی سے جاملے۔ آپ کی نمازِ جنازہ جامع مسجد منکی میں قاضی جماعت المسلمین منکی مولانا شکیل احمد سکری ندوی نے پڑھائی اور بعد عشاء ان کی تدفین عمل میں آئی۔
آپ صوم وصلوٰۃ کے بڑے پابند تھے، بڑے ملنسار تھے ، آپ کی ایک خوبی یہ بھی تھی کہ آپ ہر ایک سے خندہ پیشانی کے ساتھ ملتے تھے ۔ تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے پر آپ بے حد خوش ہوتے تھے۔ مدرسہ رحمانیہ منکی اور الہلال انگلش میڈیم ہائی اسکول سے آپ کو گہرا تعلق تھا۔ وقتاً فوقتاً یہاں پہنچ کر تعلیمی سرگرمیوں کو دیکھ کر خوش ہوتے اور اپنے نجی مجالس میں ہمیشہ اس بات کا اظہار کرتے کہ کسی بھی قوم کی ترقی تعلیم ہی سے ممکن ہے۔ جماعت المسلمین منکی سے بھی آپ کو خاصا لگاؤ رہا۔ جدہ میں مقیم ہونے کے باوجود مقامی جماعتی سرگرمیوں سے خود کو جوڑے رکھا اور جب جب بھی منکی آنا ہوتا تو جماعت کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی مفید آراء سے نوازتے رہے۔ آپ کی صدارت میں منکی کیمونیٹی جدہ کے ذریعہ کئی مختلف خدمات انجام پائی ہیں۔
آپ شعروسخن سے بھی دلچسپی رکھتے تھے۔ کئی نوائطی مشاعرے انعقاد کرکے منکی کی عوام کو مستفید ہونے کے مواقع فراہم کیے۔
آپ نے اپنے پیچھے بیوی ، ایک بیٹا اور تین بیٹیاں چھوڑی ہیں۔
ان کے انتقال پر منکی سے تعلق رکھنے والے مختلف اداروں نے اپنی گہرے غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی بال بال مغفرت فرمائے ، ان کی خدمات کو شرفِ قبولیت سے نوازے اور جملہ پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین
Share this post
