منگلور:20نومبر2022(فکروخبر/ذرائع)کرناٹک پولیس نے اتوار کو دعویٰ کیا کہ منگلورو میں گزشتہ روزآٹورکشا کے اندر ہونے والا دھماکہ حادثاتی نہیں بلکہ دہشت گردی کی کارروائی تھی۔
کرناٹک کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس پروین سود نے الزام لگایا کہ "اب اس کی تصدیق ہو گئی ہے۔" "دھماکہ حادثاتی نہیں ہے بلکہ شدید نقصان پہنچانے کے ارادے سے دہشت گردی کی کارروائی ہے۔ کرناٹک پولیس مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر اس کی گہرائی سے تحقیقات کر رہی ہے۔ہفتہ کو منگلورو میں ایک چلتے ہوئے آٹورکشا کے اندر دھماکہ ہوا۔ جس میں دوافراد زخمی ہوگئے۔
جبکہ پولیس کی جانب سے شیئر کیے گئے مقام کے سی سی ٹی وی ویژول میں آٹورکشہ کو آگ لگتے ہوئے دکھایا گیا جو ایک معمولی دھماکہ لگتا تھا۔
سٹی پولیس کمشنر این ششی کمار موقع پر پہنچے اور معائنہ کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ آٹورکشا میں 'آگ' لگی ہے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
کرناٹک کے وزیر داخلہ اراگا جنانیندرا نے کہا کہ "ہمیں شبہ ہے کہ دہشت گرد تنظیموں سے منسلک کچھ لوگ اس کارروائی کے پیچھے ہیں،ہم نے مرکزی ایجنسیوں کو مطلع کر دیا ہے جو پہلے ہی منگلورو پہنچ چکے ہیں۔ ہم اگلے دو دنوں میں اس کی وجہ جان پائیں گے۔
Share this post
