حادثہ کی وجہ سے گھرکی اشیاء کو شدید نقصان پہنچاہے اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ فائر بریگیڈ عملہ نے موقعۂ واردات پر پہنچ کرآگ بجھانے میں تعاون کیا ۔ حادثہ کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایاجاسکتا ہے کہ اس کے بعد گھر کی اشیاء بکھر گئیں یہاں تک کہ گیس چولہے کے قریب کی دیواریں بھی محفوظ نہیں رہیں۔
کاسرگوڈ میں پیش آئے بھیانک سڑک حادثہ میں چھ افراد ہلاک ، دو زخمی
کاسرگوڈ 14؍ جون (فکروخبرنیوز) تیز رفتار کار بے قابو ہوکر ایک درخت سے ٹکرانے کی وجہ سے چھ افراد کے ہلاک ہونے کی بھیانک واردات ضلع کے پالیکیرے ، بیکل میں کل شام قریب پاؤنے سات بجے پیش آئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق مذکورہ سڑک حادثہ پالیکیرے پنچایت دفتر کے سامنے پیش آیا جہاں راستے کا مرمتی کام جاری ہے ۔ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت سیکنہ (39) مقیم چیتو کندور اس کے دو بیٹے سجیر (18) ، سنیر(16) خیرالنساء (24) خیرالنساء کی دختر فاطمہ (2) اوررمسینہ زوجہ عرفان (25) کی حیثیت سے کرلی گئی ہے جبکہ اس حادثہ میں چار سالہ اجمل اور آٹھ ماہ کا بچہ زخمی ہوئے ہیں جن کی مائیں اس حادثہ میں جاں بحق ہوئیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق حمید کے اہلِ خانہ اپنے رشتہ دار کے یہاں افطار کی محفل میں شرکت کرنے جارہے تھے۔ اس دوران افطار کا وقت قریب ہونے کی وجہ غالباً کار کی رفتار بہت تیز تھی۔ جبکار پالیکرے میں واقع پنچایت دفتر کے قریب پہنچی تو آگے راستہ خراب ہونے کی وجہ سے ڈرائیور نے بریک لگاکر کار کی رفتار کم کرنے کی کوشش کی لیکن کار بے قابو ہوگئی اور ایک درخت سے جا ٹکرائی ۔ حادثہ کے وقت جائے واردات پر دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ چار افراد نے اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑدیا۔ پولیس اور فائربریگیڈ عملہ نے مقامی لوگوں کی مدد سے کار میں پھنسے زخمیوں کو نکالا اور اسپتال پہنچانے میں مدد کی ۔ ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے چھ افراد کے جاں بحق ہونے کی وجہ سے علاقہ میں غم کا ماحول ہے ۔ ڈی سی ،ڈی دیوداسن اور ایم ایل اے خیرا مین نے جائے واردات پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا ۔ بیکل پولیس نے معاملہ درج کرلیا ہے۔
خود کشی کی وجوہات منظر عام پر لانے کا انوکھا طریقہ
آدمی نے دوست کو بھیجے گئے ویڈیو میں ماموں کو ٹہرایا خودکشی کا ذمہ دار
بنگلور 14؍ جون (فکروخبرنیوز) ایک شخص کی جانب سے خودکشی کرلیے جانے کی وجوہات منظر عام پر لانے کے لیے خودکشی سے قبل اپنے ویڈیو بناکر دوست کو بھیجے جانے کی خبر فکروخبر کو موصول ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اندار نگر کا مقیم ناظم پاشا (32) نے اتوار کی شام اپنے بہن کی گھر واقع سری رامپورا میں خود کشی کرلی تھی لیکن اس سے قبل اس نے اپنا ویڈیو ریکارڈ کرکے اپنے دوست بساوراج کو بھیجا جو پیشے سے وکیل ہے۔ ویڈیو میں اس نے اپنے ماموں کو اس خطرناک اقدام کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ مذکورہ شخص کے ماموں عادل احمد مقیم گوپال پور نے اس کے پاس سے دیڑھ لاکھ روپئے بطورِ قرض لیے تھے لیکن اس کو ادا کرنے کے بجائے اس کو ہراساں کررہا تھا۔ اس سے پریشان ناظم نے پولیس تھانہ میں شکایت درج کرائی اس کے باوجود بھی اس نے قرض نہیں لوٹایا اور اور کیس واپس لینے کی دھمکیاں دینے لگا۔ اس سے پریشان ہوکر ناظم نے خود کشی کرلی۔ ناظم پاشا نے اپنے بیوی اور بھائی سے اس اقدام پر معافی مانگی ہے۔ سری رامپور پولیس نے معاملہ درج کرنے کے بعد تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحقیقات کے لیے مہلوک کے ماموں عادل احمد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
سابق ایم ایل اے کے گھر چوری کی واردات میں پچاس لاکھ کے زیورات پر ہاتھ صاف
ایک اور واردات میں معمر خاتو ن کو گھر میں تنہاپاکر لٹیرے نے گھر کے قیمتی اشیاء لوٹ لیے
بنگلور 14؍ جون (فکروخبرنیوز) گھر میں مکینوں کی غیر موجود گی فائدہ اٹھاتے ہوئے پچاس لاکھ کی زیورات پر ہاتھ صاف کرلیے جانے کی واردات شہر بنگلور کے سابق ایم ایل اے جی کے وینکٹیشوا ریڈی کے سداشیو نگر میں واقع گھر میں پیش آئی ہے ۔ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق ریڈی اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ سنیچر کی رات باہر گئے ہوئے تھے ۔ اس دوران گھر میں غیر موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نامعلوم شخص گھر کے اندر داخل ہوا اور واردات انجام دی۔بتایا جارہا ہے کہ واردات اس وقت منظر عام پر آئی جب اتوار کی شام اہلِ خانہ گھر لوٹے ۔ سدا شیو نگر پولیس نے معاملہ کرتے ہوئے کہا کہ اس واردات کے پیچھے کسی خطرناک چور کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ گھر کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمرہ کی فوٹیج میں ایک شخص اتوار کے روز صبح سویرے گھر کے اندر داخل ہورہا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری واردات میں معمر خاتون کوتنہا پاکر لیٹرے نے گھر کا دورازہ توڑنے کے بعد اس میں موجود قیمتی اشیاء اور نقدی لے کر فرار ہونے کی واردات پاڈل علاقے میں کل رات پیش آئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق نینا جوپال (70) جو دربار ہلس نامی گھر میں تنہا مقیم تھی ۔ رات میں جب مذکورہ خاتون آرام کرنے کے لیے گئی تو ایک نامعلوم شخص بالکونی کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوا اور خاتون کے منھ میں کپڑا ٹھونس دیا۔ اچانک اس چور کی گھر میں گھسنے سے خاتون کے ہوش اڑگئے۔ پولیس کے مطابق چور بارہ سونے کی چوڑیاں ،تین سونے کے ہار ، چار سونے کی انگوٹھیاں اور دیگر قیمتی اشیاء کے علاوہ تیس ہزار روپئے نقدی لے کر فرار ہوگیا۔ ڈپٹی پولیس کمشنر (کرائم) سنجیو ایم پاٹل نے کہا کہ اس واردات میں کیرلا سے تعلق رکھنے والے گروہ کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ڈاکٹر وں کی لاپرواہی سے ہوئی نو زائدہ بچے کی موت: اہلِ خانہ کا الزام
کنداپور 14؍ جون (فکروخبرنیوز) تعلقہ کے سرکاری اسپتال میں پیدائش کے دوران ایک بچہ کی موت واقع ہونے پر اہلِ خانہ نے بچہ کی موت کا ذمہ دار ڈاکٹر کی لاپرواہی کو قرار دیا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر پر الزام لگایا ہے کہ بچہ کی پیدائش کے وقت زچہ کی صحیح دیکھ بھال نہ کرنے کی وجہ سے موت واقع ہوئی ہے۔ دوسری جانب ڈاکٹر نے صفائی پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ زچہ کی دیکھ بھال صحیح طور پر کی گئی تھی ۔ تفصیلات کے مطابق ترتھ ہلی گنیش اچاریہ کی بیوی منجولہ کو اتوار کی رات ڈیلیوری کے لیے تعلقہ کے سرکاری اسپتال میں داخل کیا گیا ۔ پیر کی صبح قریب چار بجے دردِ زہ شروع ہوا جس کی اطلاع ڈاکٹر کو دی گئی جس پر ڈاکٹر نے اس وقت اسپتال نہ پہنچنے کی بات کہی۔ جب درد مزید بڑھنے لگاتو ایمرجنسی آپریشن کیا گیا جس میں بچہ کی موت واقع ہوگئی ۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ اسی لاپراہی کی وجہ سے بچہ کی موت واقع ہوئی ہے۔ اسپتال کے چیف افسر ڈاکٹر ادئی شنکر نے صفائی پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب کچھ کام صحیح طریقے پر کیا گیا ہے اور اس میں ڈاکٹر کی لاپرواہی کا کوئی دخل نہیں ہے۔
Share this post
