منگلورو ریلوے جنکشن پر ہندی ، انگریزی اور ملیالم میں سائن بورڈ ، کنڑا زبان ندارد ، کھڑا ہوا تنازعہ

mangalore, mangalore junction, junction,

منگلورو15 اکتوبر2023 (فکروخبرنیوز) کرناٹک میں بس اڈوں اور ریلوے اسٹیشنوں وغیرہ پر کنڑا زبان میں بورڈ نہ لکھے جانے کی وجہ سے ایک عرصہ سے تنازعہ کھڑا ہوتا رہا ہے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ انگریزی اور ہندی کے ساتھ کنڑا زبان میں بھی معلومات درج ہونی چاہیے  ،  منگلورو ریلوے جنکشن پر ہندی ، انگریزی کے ساتھ ساتھ ملیالم میں معلومات درج تھی لیکن مقامی زبان کنڑا ہی ندارد تھی جس سے تنازعہ کھڑا ہونا فطری بات ہے۔

ڈائجی ورلڈ کی خبر کے مطابق منگلورو جنکشن ریلوے اسٹیشن پر اس وقت تنازعہ کھڑا ہوگیا جب ریلوے حکام نے ایک سائن بورڈ لگایا جس میں کنڑ زبان میں معلومات ہی نہیں تھی۔

’منگلورو جنکشن رننگ روم‘ لکھے ہوئے سائن بورڈ پر مکمل طور پر انگریزی، ہندی اور ملیالم میں معلومات موجود تھیں ۔ ریلوے یونینوں کے ممبران نے نئے سائن بورڈ کو دیکھ کر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا اور پلکاڈ ریلوے حکام سے شکایات درج کرائیں۔ مزید برآں، انہوں نے اس معاملے کی طرف عوام اور حکام کی توجہ مبذول کرانے کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنے خدشات کا اظہار کیا۔

عوامی اور ریلوے ورکرز یونین کے دباؤ کے جواب میں حکام نے ہفتہ کو سائن بورڈ ہٹا دیا۔ مقامی ریلوے صارفین اب نئے سائن بورڈ پر ملیالم کے بجائے کنڑ زبان میں معلومات دینے پر زور دے رہے ہیں۔

Share this post

Loading...