منگلورو21 جون2020(فکروخبرنیوز/ذرائع) کنکناڈی کے قریب اجازت کے ساتھ مذبح خانے سے 200کلو گوشت لے جارہی ٹیمپوکو شرپسندوں نے روک کر گاڑی کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ گوشت بھی ضائع کردیا ہے۔
اطلاع کے مطابق شہر کے کنکناڈی میں اتوار 21 جون کی صبح پیش آنے والے ایک واقعے میں ایک ٹیمپو رکشہ کدرولی کے مذبح خانہ سے گوشت لے جارہی تھی ۔ اسے شرپسندوں نے روک کر ڈرائیور پر حملہ کردیا۔
کدرولی کا مقیم رشید یہاں کے کنکناڈی مارکیٹ میں ذاکر کی دکان پر مطلوبہ گوشت قانونی اجازت نامے کے ساتھ اپنے ٹیمپو پر لے جارہا تھا کہ پانچ سے چھ افراد پر مشتمل ایک گروہ کار اور بائک کے ذریعہ ٹیمپو کے پیچھے آگیا اور ہائ لینڈ اسپتال کے قریب سڑک کے درمیان ٹیمپو روکنے پر مجبور کردیا ۔
گروہ نے مبینہ طور پر ڈرائیور رشید پر حملہ کیا اور اس کی گاڑی کو نقصان پہنچایا۔ اس کے علاوہ انہوں نے گوشت کے اوپر مٹی کا تیل بھی ڈالا اور اسے ضائع کردیا ۔ چونکہ حملہ آوروں نے مقامی لوگوں کو جمع ہوتے دیکھا تو وہ موقع سے فرار ہوگئے، کدری پولیس تھانہ میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے ۔
گوشت تاجروں کی ایسوسی ایشن اور کنکناڈی مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر علی حسن نے شرپسندوں کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے مجرموں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈائجی ورلڈ کے ان پٹ کے ساتھ
Share this post
