منگلورو 05؍ نومبر 2018(فکروخبر نیوز) سونے کی دکان میں ملازمت کرنے والے شخص کو زدوکوب کرکے اس کے پاس موجود نقدی اور دیگر چوری کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب چھ میں سے دو نوجوانوں کو پولیس آج گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ملزمین کی شناخت پڈیل اڑپے کا مقیم رازی (26) اور بنٹوال تعلقہ بی سی روڈ تلپاڑی کا مقیم عبدالمنان (29) کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق کچھ ماہ قبل شہر کے سونے کی دکان کا ایک ملازم دبئی سے واپسی کے دوران کچھ نقدی لے کر ایرپورٹ سے آرہا تھا ۔اس بات کی خبر مذکورہ افراد کو خفیہ طریقہ سے ملی تھی ۔ انہو ں نے اسے لوٹنے کا پروگرام بناتے ہوئے لیڈی ہل بس اڈے کے قریب نقدی سے بھری تھیلی لے کر اترنے والے گنپتی منجوناتھ نامی شخص کو کار میں اغوا کرلیا اور اسے زدوکوب کرنے کے بعد اس کے پاس موجود پندرہ لاکھ روپئے لے کر بچپے جانے کے راستے اسے کار سے اتاردیا اور وہ وہاں سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے واقعہ کے منظرعام پر آنے کے بعد ان کی گرفتاری کے لیے جال بچھادیا ہے اور بڑی کوششوں کے بعد آج مذکورہ دو ملزمین کو حراست میں لینے میں کامیاب ہوگئی ۔ پولیس نے ان کے پاس سے ایک کروڑ پچھتر لاکھ نقدی ضبط کرلیے ہیں۔ پوچھ تاچھ کے دوران پتہ چلا کہ دیگر چار ملزمین فرار ہیں جن کے پاس تقریباً ساٹھ لاکھ روپئے نقدی موجود ہے۔ پولیس نے ان کی گرفتاری کے بھی جال بچھادیا ہے۔
Share this post
