کباڑی کی دکان کے احاطہ میں لگی آگ
لاکھوں روپئے مالیت کی اشیاء جل کر خاکستر
بھٹکل 27؍ اپریل 2017(فکروخبرنیوز) یہاں کے پرورگاہ علاقہ میں ایک کباڑی کی دکان کے احاطہ میں آگ لگنے سے لاکھوں روپئے مالیت کا کباڑ جل کر خاکستر ہونے کی واردات پیش آئی ہے۔فکروخبر کے مطابق یہ واقعہ آج دوپہر بارہ بجے پیش آیا اور دیڑھ گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا ۔ فائر بریگیڈ عملہ دیر سے آنے کی شکایت کرتے ہوئے پہلے پہل عوام نے آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن جب شعلے بلند ہونے لگے تو کوشش کررہی عوام کی ایک بڑی تعداد مجبوراً پیچھے ہٹی ۔ آگ لگنے کے کئی دیر بعد پہنچی فائر بریگیڈ عملہ نے آگ پر قابوتو پالیا لیکن اس وقت تک تمام اشیاء جل کر خاکستر ہوگئی تھی۔ دکان کے ذمہ دار عبدالرحمن نے بتایا کہ اس واقعہ کی وجہ سے قریب پچیس لاکھ روپئے مالیت کا نقصان ہوا ہے ، انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہر میں کئی جگہوں پر واقع کباڑی کی دکانوں کا کباڑ آخر میں یہاں جمع کیا جاتا ہے او ریہیں سے دوسری جگہ بھیجا جاتا ہے۔پندرہ سال سے یہ دکان یہیں واقع ہے لیکن آج تک کسی بھی طرح کا کوئی حادثہ نہیں ہواہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ حادثہ نہیں ہے بلکہ کسی نے جان بوجھ کر لگائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کا اصل مالک عمرہ ادا کرنے کے لیے گیا ہوا تھا او ر اس کی غیر موجودگی میں کاروبار میں سنبھال رہا ہوں ، واقعہ کے پندرہ منٹ قبل میں یہیں موجود تھا اور اس طرح کی کوئی بات نہیں تھی ، شیرور جانے کے دوران اچانک مجھے فون آیا اور یہ بری خبر دی گئی جس کے بعد میں فوری طور پر واپس لوٹا ، انہوں نے کہا کہ صرف پندرہ منٹ میں اتنا بڑا حادثہ ہونا ناممکن لگ رہا ہے ، انہوں نے باربار اس کو کسی کی شرارت قرار دیتے ہوئے حکومت سے معاوضہ کی مانگ بھی کی۔
Share this post
