منگلورو 07؍ نومبر 2018(فکروخبر نیوز) ایرپورٹ افسران کو اپنی مطالبات پوری کرنے کی مانگ کرتے ہوئے انہیں یادداشت پیش کرنے گئے اولا اور اوبر کے ڈرائیوروں کو ایرپورٹ ٹیکسی ڈرائیوروں کی جانب سے بری طرح زدوکوب کیے جانے کا واقعہ آج یہاں پیش آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اولا او ر اوبر کے ڈرائیور جمع ہوکر اس بات کا مطالبہ پورا کرنے کے لیے ایرپورٹ افسران کو یادداشت پیش کرنے پہنچے کہ انہیں ایرپورٹ سے بھی مسافروں کو لے جانے کی اجازت دی جائے۔ جیسے ہی وہ ایرپورٹ کے حدود میں پہنچے ان پر دھار دار ہتھیار سے ایرپورٹ ٹیکسی ڈرائیوروں نے حملہ کردیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ان کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ حملہ میں 25اولا اور اوبر کے ڈرائیور زخمی ہوگئے ہیں جن میں بعض کو بری طرح چوٹیں آئیں ہیں جنہیں قریبی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ بعض ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق دو کی حالت نازک ہے۔ ڈی سی پی (کرائم اینڈ ٹرافک ) اوما پرشانت نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ہر گروہ کے چھ چھ افراد زخمی ہوگئے ہیں جنہیں اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔ کاؤنٹر معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔
Share this post
