منگلورو15 جون 2021 (فکروخبرنیوز/ذرائع) منگلورو شہر سے ہوائی اڈے کے راستے میں واقع ماراوور پل دراڑ پڑنے کے بعد منگلورو سے ہوائی اڈے جانے کا راستہ منقطع ہوگیا ہے۔ جانکاری ملتے ہی پولیس اور اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور ٹرافک کو بند کردیا۔
اطلاعات کے مطابق کاوور کے راستے سے ہوتے ہوئے منگلور بین الاقوامی ہوائی اڈے جانے کے لے مراوور پل سے گذرنا پڑتا ہے۔ علاقہ میں شدید بارش کی وجہ سے پل کے ایک حصہ کو نقصان پہنچا ہے۔
منگلورو پولیس کمشنر این ششی کمار نے بتایا کہ پل کے کھمبے تقریبا تین فٹ دھنس گئے ہیں۔ حفاظتی وجوہات کی بناء پر پل پر گاڑیوں اور لوگوں کی آمد و رفت روک دی گئی ہے۔ ششی کمار نے 15 جون کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ منگلورو شہر اور منگلورو بین الاقوامی ہوائی اڈے کے مابین جڑنے والا پل کو نقصان پہنچا ہے ۔ کمشنر نے کاسڑ گوڈ اور منگلورو سے آنے والے مسافروں کے لئے ننتور ۔ ومنجور ۔ گروپورا اور بچپے کے راستے استعمال کرنے اور اڈپی ، بھٹکل اور اس کے آس پاس سے علاقوں سے سفر کرنے والوں کے لئے ملکی-کنی گولی ، کتیل اور بچپے کے راستے منگلورو ایرپورٹ پہنچنے کی صلاح دی ہے۔
منگلورو بین الاقوامی ہوائی اڈے نے ٹویٹر پر ایک پیغام جاری کیا ہے جس سے مسافروں کو ہوائی اڈے پر آنے والے راستوں میں ہونے والی تبدیلی سے آگاہی دی گئی ہے۔ ایرپورٹ آنے جانے والے نوٹ کرلیں کہ ہوائی اڈے کے قریب پل میں شگاف پڑنے کے باعث ٹریفک میں خلل پڑ گیا ہے۔ مسافروں کو بائیکامپڈی کے راستے متبادل راستہ اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ براہ کرم منگلورو ایرپورٹ سے اپنی پروازوں کے لئے جلد روانہ ہوجائیں۔
بتایا جارہا ہے کہ منگل کی صبح 3 بجے کے قریب پل کو نقصان پہنچا تھا۔ علاقے میں ہورہی ہے بھاری بارش پل کو نقصان پہنچنے کی وجہ بتائی جارہی ہے تاہم مقامی لوگوں نے اس کی وجہ سے غیر قانونی ریت کانکنی کو بھی بتایا ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) بنگلورو ساحلی کرناٹک کے لئے ایلو الرٹ جاری کردیا ہے اور اس خطہ میں 14 جون سے 18 جون تک شدید بارش کی توقع ظاہر کی تھی۔
Share this post
