منگلورو 31؍ مئی 2018(فکروخبر نیوز) ساڑھے پانچ سالہ بچی کے آٹھویں منزل سے گرکر ہلاک ہونے کی افسوسناک واردات شکتی نگر کے ایک رہائشی عمارت میں پیش آئی ہے۔ مہلوک بچی کی شناخت شینیل جانی سیا ڈیسوزا کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق شینل اپنے بیڈ روم میں آرام کررہی تھی۔اس کی ماں کسی کام سے باہر گئی ہوئی تھی ، جیسے ہی وہ نیند سے بیدار ہوئی وہ سیدھے بالکونی پہنچی اور اس پر لگے گرل کی مدد سے اوپر چڑھنے لگی۔ گرل مضبوط نہ ہونے کی وجہ سے اپنا توازن کھوکر دوسری منزل کے صحن میں گرگئی۔ حادثہ میں بچی کے سر اور کندھے کو شدید چوٹیں پہنچیں۔ شدید زخمی حالت میں اسے کے ایم سی اسپتال داخل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی ۔ بتایا جارہا ہے کہ بچی کے والد شارجہ میں ملازمت کرتے ہیں ، اس کی ماں اپنی بیٹی کے ساتھ کرایہ کے اس فلیٹ میں رہتی تھی۔ کنکناڈی پولیس تھانہ میں مالک مکان اور جنرل پاور آف اٹارنی ہولڈر کے خلاف لاپرواہی کا معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔
Share this post
