بنگلورو /نئی دہلی 26/ اکتوبر 2019(فکروخبرنیوز/ ذرائع) کانگریس رکن کونسل ایچ ایم رونا نے جمعہ کے دن دہلی میں نامہ نگاروں کی ان سے ملاقات کے دوران ان کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کرناٹک میں کانگریس جے ڈی ایس مخلوط حکومت کے خاتمہ کے لیے سدارامیا یا کانگریس پارٹی ذمہ دار نہیں ہے بلکہ خود بی جے ڈی ایس لیڈر وسابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارا سوامی ذمہ دار ہیں اس کے علاوہ خود جے ڈی ایس کے کئی دیگرلیڈران بھی اس کے ذمہ دار ہیں۔ ایچ ایم رونا نے کہا کہ کمارا سوامی جب وزیر اعلیٰ کے عہدہ پر تھے تو اس دور میں کمارا سوامی نے اراکین اسمبلی کے مسائل پر مناسب طور پر توجہ نہیں دی او راس حکومت کے خاتمہ کا سارا الزام کانگریس پر تھوپ رہے ہیں۔ اراکین اسمبلی جب اپنے حلقہ کے مسائل لے کر کمارا سوامی کے پاس جاتے تھے تو وہ صرف خوش اخلاقی کے ساتھ کیا بھائی کیسے ہوا اور ایسے جملوں سے ہی ان سے مخاطب ہوتے تھے لیکن ان کے مسائل حل کرنے پر کبھی سنجیدگی سے کوشش نہیں کی تھی جس کے نتیجہ میں آخر کار اس مخلوط حکومت کا خاتمہ ہوگیا۔ کانگریس اس کے لیے ہرگز ذمہ دار نہیں ہے۔
ذرائع : ایس این بی
Share this post
