بھٹکل16؍ جنوری 2023(فکروخبرنیوز) مجمع الامام الشافعی العالمی کا تیسرا سمینارآج کامیابی کے ساتھ اختتام کو پہنچا۔ یہ سہ روزہ سمینار دارالعلوم الاسلامیہ اوچرا، کولم ، کیرلا میں منعقد کیا گیا جس میں فقہ شافعی سے تعلق رکھنے والے کوکن ، ساحلی کرناٹک ، کیرلا ، تمل ناڈو اور تلنگانہ وآندھرا پردیش کے علماء ومفتیان نے شرکت کی۔ سمینار کی آخری نشست میں المعہد الاسلامی العالمی کے روحِ رواں اور آل انڈیا مسلم پرنسل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب نے شرکت کی جس میں مولانا نے کہا کہ فقہی مجامع سے صرف مسائل کی تحقیق نہیں ہوتی بلکہ ان سے مسائل میں غوروفکر کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ اس کی واضح مثال یہ ہے کہ جن حضرات سے ان مسائل پر لکھا ہے اس سے قبل انہیں اتنے جدید مسائل پر لکھنے کی نوبت نہیں آئی تھی اوراس کا ایک اور فائدہ ہوتا ہے کہ اختلاف کو برداشت کرنے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔ مولانا نے مزید کہا کہ فقہ حنفی پر غوروخوض کرنے کے لیے ملک میں مختلف ادارے قائم ہیں لیکن ایک بڑا طبقہ فقہ شافعی کے متبعین کا بھی ہے اور اس مجمع کے ذریعہ اچھی کوشش کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ تین روزہ سمینار میں رویت ہلال کے بعض اہم مسائل ، برادرانِ وطن کے ساتھ ہمارے تعلقات بعض ضروری مسائل ، صدقہ فطرکے بعض اہم مسائل ، اجتماعی قربانی کا مسئلہ ، انشورنس کا شرعی حکم پر پیش کیے مقالات پر تجاویز آخری نشست میں پیش کی گئیں اور بحث کے بعد اسے منظوری دی گئی۔
Share this post
