مجلس العلماء بھٹکل کی جانب سے علماء کرام کے لیے خصوصی نشست کا انعقاد

علماء کرام اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں : مولانا وحید الدین خان عمری 

بھٹکل 07؍ اکتوبر 2018(فکروخبر نیوز ) مجلس العلماء(جماعت اسلامی ہند) کے ذمہ داران کی بھٹکل تشریف آوری پر مسجد احمد سعید ہرلی سال میں علماء کرام کے لیے ایک خصوصی نشست کاانعقاد کیا گیا جس میں مختلف موضوعات پر علماء کرام کے خطاب ہوئے۔ صدارتی خطاب میں مولانا وحید الدین خان عمری نے علماء کو ان کی ذمہ داریوں سے باخبر کرتے اور انہیں صحیح طریقہ پر ادا کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں داعی بناکر دنیا میں بھیجا ہے اور دنیا میں بسنے والے کروڑوں انسان مدعو ہیں، لہذا ہمیں اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے ہر وقت تیار کرنا ہے او راس سلسلہ میں ہمیں آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ دنیا کے عام جماعتوں کی طرف نہیں ہے بلکہ اس کو اللہ تعالیٰ نے کروڑوں انسانوں کو دعوت دینے کے لیے وجود بخشاہے۔ مولانا نے اقامتِ دین کے لیے اجتماعیت کو لازمی قرار دیا۔ امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے امربالمعروف او رنہی عن المنکر کا فریضہ اور اور علماء کرام کے موضوع پر اپنا خطاب کرتے ہوئے علماء کو اس کام کو انجام دینے کے لیے کوششیں کرنے پر زور دیا ۔ مولانا نے کہا کہ اس کام پر جمے رہنے کے لیے بنیادی چیز دوسروں کو دعوت دینا ہے۔مولانا نے معروف اور منکر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہر وہ چیز جس کو شریعت اچھی سمجھتی ہو اور معاشرہ میں وہ معروف ہو اس کو معروف کہا جاتا ہے او رمنکر اس چیزکو کہتے ہیں جس کی شریعت ہمیں اجازت نہیں دیتی۔ اور یہ دونوں ذمہ داریاں انسانوں پر عائد کی گئی ہیں جس کی ہر انسان کو فکر کرنے کی ضرورت ہے۔ مولانا نے اس کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ ہر مومن کی ذمہ داری ہے کہ وہ اچھائی کا حکم دے اور برائیوں سے لوگوں کو روکے اور اس سلسلہ میں اپنی سطح کے موافق کوششیں بھی کریں اور دعوت کے کام میں نرمی اختیار کرے ، مزید کہا کہ غلطی کرنے والوں کو معاشرہ سے الگ کرنے او راس سے نفرت کرنا یہ دعوتی انداز نہیں ہے بلکہ ہم اس کے ساتھ اچھا سلوک کرتے ہوئے اسے قریب کرنے کی کوشش کریں۔ لئیق اللہ خان منصوری نے اعلائے کلمتہ اللہ او رغلبہ حق کے لیے علماء کی مسؤلیت کے عنوان پر حاضرین کے سامنے بہت ہی مفید باتیں رکھیں اور انہیں ان کی ذمہ داریوں سے باخبر کیااو رکہاعلماء کرام امت کی صرف علمی قیادت نہیں بلکہ عملی قیادت کے لیے تیار ہوجائیں۔ اس موقع پر مجلس العلماء بھٹکل کے ناظم مولانا سید محمد زبیر ندوی ،مولانا جعفر ندوی ، مولانا ریا ض الرحمن رکن الدین ندوی اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔

Share this post

Loading...