بھٹکل 14؍ مئی 2018(فکروخبرنیوز) مجلس علماء تینگن گنڈی کے زیر اہتمام کل رات بعد نمازِ عشاء جامع مسجد سیدنا ابراہیم جامعہ آباد کالونی میں استقبالِ رمضان کے عنوان کے تحت ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس میں علماء کرام نے رمضان کی اہمیت وفضیلت پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا نعمت اللہ ندوی نے رمضان کی مبارک ساعتوں کی قدر کرتے ہوئے انہیں کارآمد بنانے پر زور دیا ، مولانا نے قرآن وحدیث کے حوالہ سے روزہ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کاایک روزہ اگر کوئی چھوڑ دے تو سال بھر بھی اس کی تلافی کے لیے روزہ رکھے اس کی تلافی نہیں ہوسکتی۔ مولانا نے مزید کہا کہ اس مہینہ کے تین عشرے ہیں جس میں پہلا عشرہ رحمت کا ، دوسرا مغفرت اور تیسرا جہنم سے خلاصی کا ہے ، لہذا ہر عشرہ میں ہم مذکورہ باتوں کو حاصل کرنے والے بنیں اور ہمارا یہ رمضان گذشتہ رمضان کے مقابلہ میں عبادات کے اعتبار سے ممتاز ہو۔ مہتمم مدرسہ مولانا محمد سعود صاحب ندوی نے اپنے صدارتی کلمات میں تراویح کے اہتمام کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ائمہ اربعہ کے نزدیک تراویح بیس رکعت ادا کی جاتی ہے لہذا اس کا خاص اہتمام کیا جائے۔ مولانا نے اپنے بیان میں کہا کہ ایمان کے ساتھ اعمال صالحہ ضروری ہیں جس کے بغیر انسان کی کامیابی نہیں ہوسکتی ۔ اس لیے کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجیدمیں جگہ جگہ ایمان کے ساتھ عمل صالح کی شرط لگائی ہے۔ مولانا نے ایک اہم بات کی طرف حاضرین کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ جو بھی باتیں ہم نے سنیں ہیں اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں ۔ عام طور پر یہ دیکھاجاتا ہے کہ پروگرام کے بعد لوگ بیانوں پر تبصرے کرنے لگتے ہیں کہ فلاں کے بیان کا انداز نہایت عمدہ اور فلاں کا انداز بہترین تھا۔ ہم اللہ اور اس کے رسول کی بات سن رہے ہیں ہم جو بات سن رہے ہیں اس پر ہم عمل کی نیت سے سنیں۔ ملحوظ رہے کہ اس سے قبل مولانا محمد اسحاق صاحب ڈانگی ندوی نے بھی رمضان کی تیاری اور اس میں عبادتوں کا اہتمام کرنے کی تاکید کی۔ جلسہ کا آغاز مولوی صفوان ڈانگی کی تلاوت کلام پاک سے ہوئی ، نعت مولوی سمعان بنگالی ندوی نے پیش کیں۔جلسہ کی غرض وغایت اور استقبالیہ کلمات مولانا عتیق الرحمن ڈانگی ندوی نے پیش کیے اور نظامت کے فرائض مولانا اسماعیل ڈانگی ندوی نے بحسنِ خوبی انجام دئیے۔
Share this post
