بھٹکل 12؍ مارچ 2022(فکروخبرنیوز/عبدالرحیم خان ندوی) قرآنِ پاک کی خدمت کرنا ہر ایک مسلمان کے لیے بڑی سعادت کی بات ہے، اس کے لیے معہد امام حسن البنا نے روز اول سے نسل نو کا انتخاب کیا اور خصوصًا کالج کی طالبات کو قرآنی تعلیمات سے روشناس کرانے کا بیڑا اٹھایا ہے اوراس کے لیے ہفتہ واری درس قرآن اورحفظ قرآن کا سلسلہ بھی جاری ہے،الحمد للہ ہر سال داخلہ لینے والی طالبات کی تعداد روز افزوں بڑھ رہی ہے، مزید اِس شوق و جذبے کو آگے بڑھانے اور جلا بخشنے اور قرآن کی افادیت کو عام کرنے کے لیے ہر سال سالانہ ثقافتی جلسہ منعقد کیا جاتا ہے جہاں خواتین کثیر تعداد میں جمع ہوتی ہیں اورہر سال کئی طالبات حفظ قرآن کی سعادت حاصل کرتی ہیں، اس سال کی جملہ طالبات جو معہد سے حافظ قرآن ہوئیں اُن کی تعداد اکیس/21 ہے۔
امسال کا یہ جلسہ 7 شعبان المعظم 1443ھ مطابق 10/مارچ 2022ء بروز جمعرات بعد نماز ظہر ٹھیک 2:30 ڈھائی بجے شروع ہوا،جلسہ کی ابتدا تلاوت اور نعت پاک سے ہوئی،اس کے بعد طالبات نے تقریریں اور نظمیں پیش کیں،پھر محترمہ نسیمہ نے قرآن کی فضیلت پر بیان دیا،اور حافظ ہونے والی طالبات نے اپنے اپنے تاثرات پیش کیے۔بعد نماز عصر مہمان خصوصی محترمہ ناجحہ ندرت صاحبہ نے اپنے مخصوص انداز میں سامعات کے سامنے اپنی بات پیش کی۔ اس کے بعد مولانا نعمت اللہ عسکری ندوی (امام وخطیب جامع مسجد مخدومیہ) کا ولولہ انگیز خطا ب ہوا، اخیر میں حضرت مولانا صادق ندوی اکرمی دامت برکاتھم نے امسال کی حفاظات کی تکمیل قرآن کرائی اور پر سوز دعا کی۔
اختتام جلسہ سے پہلے حافظات کے درمیان انعامات تقسیم کیے گئے،اور معہد کی تمام معلمات کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔اس مبارک موقع پر معہد کے تینوں ہال خواتین سے بھر ے ہوئے تھے۔ تواضع ساتھ اذان مغرب سے پہلے جلسہ اپنے اختتام کو پہونچا۔
Share this post
