بھٹکل 08؍ مارچ 2019(فکروخبر نیوز) مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی میں کل رات سالانہ ثقافتی پروگرام کا کامیاب انعقاد کیا گیا جس میں ننھے منے بچوں نے اپنے بہترین اور دلچسپ انداز میں پروگرام پیش کرکے حاضرین کو پیغام دینے کی کوشش کی۔ جلسہ کا آغاز محمد سالک ابن محمد صادق شیخ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اور نعت اور محمد شبہاز نے پیش کی۔ اس کے بعد طلباء اور طالبات نے مختلف پروگرام پیش کیے۔ ایکشن نظموں کے ذریعہ سے اسلامی ثقافت کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی تو دلچسپ مکالموں کے ذریعہ سے معاشرہ میں پھیلی برائیوں کے ازالہ کی کوششوں پر زور دیاگیا۔ پروگرام میں مشہور ویڈیو گیم پبجی کے موضوع پر ایک بہترین مکالمہ پیش کیا گیا جس میں طلباء نے اس گیم کے نقصانات پر روشنی ڈالتے ہوئے نئی نسل کو اس سے دور رکھنے کی نصیحت کی گئی ۔ اسی طرح اس مکالمہ کے ذریعہ سے والدین کو اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھنے اور ان کی صحیح تربیت پر بھی زور دیا گیا۔ بچوں نے تقاریر اور نعتیں بھی پیش کرکے پروگرام کو کامیاب بنایا۔ اس موقع پر بطور مہمانِ خصوصی مولانا محمد الیاس صاحب ندوی بانی وجنرل سکریٹری مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل اسٹیج پر موجود تھے۔ ان کے ساتھ ساتھ بانی وناظم جامعہ ضیاء العلوم کنڈلور مولاناعبیداللہ ابوبکر ندوی ، استاد فقہ جامعہ ضیاء العلوم کنڈلور مولانا مفتی فیاض برمارے ندوی بھی بطورِ مہمانِ خصوصی جلسہ میں مدعو تھے۔ مہمانوں نے اپنے تأثرات میں جلسہ کی کامیابی پر طلباء اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی ۔
مولانا عبیداللہ صاحب ندوی نے مدارس کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مدارس اسلام کی بقا کے ضامن ہے لہذا اس کی قدر کرتے ہوئے انہیں ترقی دلانے کی کوششیں کرنا ہم سب کا فریضہ ہے۔ مولانا نے اصلاحِ معاشرہ کی کوششیں کرنے پر زیادہ زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں سب سے زیادہ بچوں کی تربیت کے تعلق سے فکر مند رہنے کی ضرورت ہے۔ کئی ایک مثالوں کے حوالہ سے کہا کہ بعد میں جاکر پچھتانے سے کچھ ہونے والا نہیں ہے لہذا اب موقع ہے ان کی صحیح تربیت کرنے کا ۔ ان مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کو اخلاق کو سنوارنے کی کوششیں کی جائیں۔
مولانا مفتی فیاض برمارے حسینی ندوی نے پروگرام میں اسلامی ثقافت کو اجاگر کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بعض اسکولوں میں منعقدہ پروگرامات صرف پروگرام کی حد تک رہتے ہیں ان سے کوئی پیغام نہیں ملتا۔
صدر مدرسہ مولانا محمد میراں صاحب خورشے نے اپنے صدارتی کلمات میں بچوں کو مدرسہ میں داخل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ان کی صحیح تربیت کرنے پر زور دیا۔ انہو ں نے کہا کہ اس راستہ کے ذریعہ سے ہم دنیا اور آخرت میں کامیابی سے ہمکنار ہوسکتے ہیں۔
ملحوظ رہے کہ مہمانوں کا تعارف اور ان کی خدمت میں استقبالیہ کلمات مولانا محمد اسحاق ڈانگی نددی نے پیش کیے اورمدرسہ کا مختصراً تعارف مہتمم مدرسہ مولانا محمد سعود صاحب ندوی نے پیش کیا ۔ نظامت کے فرائض مولانا عتیق الرحمن ڈانگی ندوی نے بحسنِ خوبی انجام دئیے۔ بانی وناظم مدرسہ محترم جناب حافظ عبدالقادر صاحب ڈانگی کی دعائیہ کلمات پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔
Share this post
