بھٹکل11؍جنوری2024: مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تنیگن گنڈی کے شعبۂ عالمیت سے اور مدرسہ کی اہم شاخ مدرسۃ المحصنات سے حفظ کی تکمیل کے بعد فراغت پانے والی طالبات کے اعزاز میں الوداعی جلسہ آج صبح سوا نوبجے مدرسہ کے احاطہ میں منعقد کیا گیا۔
امسال شعبۂ عالمیت سے 8 طالبات اور شعبۂ حفظ سے 5 طالبات فراغت حاصل کررہی ہیں اور 7 طالبات نے امسال حفظ کی تکمیل کی ہے۔
پروگرام میں عالمات اور حافظات نے اپنے تعلیمی سفر میں گذرے حسین لمحات کا تذکرہ کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ اپنے تأثرات کے دوران انہوں نے اس نعمتِ عظمیٰ کے حصول پر اللہ کا شکریہ ادا کیا اور اپنے والدین اور اساتذہ ومعلمات کا بھی تذکرہ کیا جن کی کوششوں اور محنتوں کی بدولت وہ اس نعمت سے سرفراز ہوئیں۔ اپنے تأثرات میں سب سے زیادہ مدرسہ کے احسانات کا تذکرہ کیا۔ اپنے حسین لمحات کو یاد کرتے ہوئے بعض طالبات آبدیدہ ہوگئیں اور مدرسہ سے جدائی پر افسوس کا اظہار کیا۔
اس تقریب میں جامعۃ الصالحات بھٹکل کی معلمات میں محترمہ سلطانہ اور محترمہ ثمینہ نے شرکت کرتے ہوئے طالبات کی ہمت افزائی کیں۔ انہوں نے طالبات کو علم کے حصول پر اللہ کا شکر ادا کرنے کی نصیحت کی اور کہا کہ سب سے بڑا شکریہ یہ ہے کہ ہم اس نعمت کی حفاظت کریں اور جو کچھ علمِ دین حاصل کیا ہے اپنے عملی زندگی میں اس کو نافذ کریں اور دوسروں کے لیے نمونہ بنیں۔
صبح سوا نو بجے شروع ہونے والا یہ پروگرام تقریباً دوپہر دیڑھ بجے اپنے اختتام کو پہنچا۔
Share this post
