لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی کرناٹک میں 20 سیٹیں یقینی : نائب وزیر اعلیٰ کرناٹک

بنگلورو 17 مارچ 2024 : کرناٹک کی 28 میں سے 20 لوک سبھا حلقوں پر کانگریس نے اپنی جیت یقینی قرار دی ہے۔

کرناٹک کے نائب وزیر اعلی اور کانگریس کی ریاستی یونٹ کے صدر ڈی کے شیوکمار نے ہفتہ کے روز اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آئندہ عام انتخابات  میں پارٹی جنوبی ریاست میں لوک سبھا کے 20 حلقوں میں  جیت درج کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اپنے امیدواروں کی فہرست کو تقریباً حتمی شکل دے دی ہے۔ اس فہرست کو 19 مارچ کو پارٹی کی پولنگ کمیٹی کے اجلاس میں حتمی شکل دی جائے گی۔

کرناٹک میں دو مرحلوں میں ہونے والے انتخابات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سے قبل دو مرحلوں کے انتخابات کا سامنا کیا ہے اور ہم اسی کے مطابق منصوبہ بندی کریں گے۔

ساتھ ہی سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے داماد ڈاکٹر سی این منجوناتھ کو بی جے پی کے ٹکٹ پر میدان میں اتارنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جے ڈی-ایس کے کارکنان بہت مایوس اور پریشان ہیں۔ وہ کانگریس میں شامل ہونے کے لیے تیار ہو رہے ہیں۔

Share this post

Loading...