بھٹکل، نمازِ تراویح گھروں پر ادا کریں :  قاضی صاحبان نے عوام سے کی اپیل

بھٹکل 20/ اپریل 2020(فکروخبر نیوز)  قاضی صاحبان اور مجلس اصلاح وتنظیم کے ذمہ داران کی آج مشترکہ نشست میں لاک ڈاؤن میں رمضان المبارک کے لیے کچھ ہدایات طئے کی گئی ہیں جس پر قاضی صاحبان نے عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ 
    قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے فکروخبر کو دئیے گئے بیان میں کہا کہ اس نشست میں قاضی صاحبان کے ساتھ ساتھ تنظیم کے ذمہ داران بھی موجود تھے اور باہم مشورہ سے یہ بات طئے کی گئی کہ لاک ڈاؤن کی مدت تک نماز گھروں پر ہی ادا کریں گے، اسی طرح نمازِ تراویح بھی گھروں پر ادا کی جائے گی، نمازِ جمعہ بھی فی الحال ادا نہیں کی جائے گی۔ انہو ں نے مستورات سے گذارش کی ہے کہ وہ اڑوس پڑوس میں نمازِ تراویح کے لیے نہ جائیں بلکہ اپنے گھروں پر ہی ادا کریں۔ 
    مولانا نے موجودہ حالات کے تناظر میں کہا کہ رمضان المبارک کے بابرکت ایام میں اللہ تعالیٰ سے اپنا تعلق مضبوط کریں اور اس وبا کے ختم ہونے کے لیے اللہ کے حضور سجدہ ریز ہوکر دعا کریں۔ اپنے معاملات کو درست بنائیں اور اس بات کی طرف خصوصی توجہ دلائی کہ ان ایام میں ہم ذکروتلاوت کا اہتمام کریں اور ان ایام کو کارآمد بنانے کی کوشش کریں۔ 
    مولانا نے وقت کے صحیح استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنے اوقات کو اللہ کی رضا کے کاموں میں استعمال کریں، لغویات اور فضول کاموں سے پرہیز کریں۔ ہماراتقدیر پر ایمان ہے، یہ جو آزمائش میں ہم لوگ مبتلا ہیں وہ اللہ کی طرف سے ہے اور اسی کی طرف رجوع ہونے سے یہ ختم ہوجائے گی۔ آخر میں مولانا نے اسں بات کی طرف توجہ مبذول کرائی کہ جس طرح ہمیں اللہ کی طرف متوجہ ہونے کی ضرورت ہے وہ ابھی پیدا نہیں ہوئی ہے۔ اسی لیے اس کی طرف خصوصی توجہ دیں۔ 

Share this post

Loading...