لنگسگور کے اردو اسکول میں یومِ سائنس پر طلباء وطالبات نے کیے کئی اہم تجربات

 

ذمہ داروں نے پیش کی مبارکباد ۔ سائنسی رجحان کو فروغ دینے پر دیا زور 

لنگسگور 02؍ مارچ 2019(فکروخبر نیوز) سائنسی رجحان کو فروغ دینے اور طلباء کو اس کے لیے تیار کرانے کی غرض سے تعلقہ کے سرکاری اسکول میں قومی یوم سائنس منایا گیا۔ اس پروگرام میں طلباء وطالبات سے تجربات کراتے ہوئے سائنس کی اہمیت حاضرین کے سا منے پیش کرنے اور اس رجحان کو عام کرنے کی کوشش کی گئی ۔ پروگرام میں خصوصی طو رپر اس بات پر زور دیا کہ پوری دنیا کی ترقی سائنس کی وجہ سے ہورہی ہے۔ آج دنیا میں جو بھی ترقی دیکھ رہے ہیں وہ سائنس کی تعلیم کا نتیجہ ہے کہ انسان نے اس کے ذریعہ سے وہ چیزیں اپنے کنٹرول میں کیں جس کو کنٹرول کرنا تو دور کی بات بلکہ اس کے بارے میں سوچنا بھی انسان کے بس میں نہیں تھا لیکن اس تعلیم کے ذریعہ سے انسان نے ترقی کرکے دکھائی اور دوسروں کے لیے اس کی راہیں بھی ہموار کیں ، آج اس علم کے ذریعہ ہم بھی ترقی کرسکتے ہیں لیکن شرط یہ ہے کہ ہمارے اندر اس کو سیکھنے کا جذبہ پیدا ہوجائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد اعظم نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کریں تاکہ یہاں موجود سہولتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہمارے بچے ترقی کرسکیں۔ اسکول کے معلم جناب قادری صاحب نے قرآن وحدیث کے حوالہ سے علم کی فضیلت پر روشنی ڈالی اور اس کے لیے بیداری پیدا کرنے پر زور دیا۔ کنڑا سی آر پی جناب منجوناتھ صاحب نے اختتامی کلمات پیش کرتے ہوئے طلباء وطالبات کی کوششوں کی سراہنا کی۔ اس موقع پر اسکول کی ایس ڈی ایم سی کمیٹی کے صدر جناب نذیر صاحب ، اردو سی آر پی جناب خواجہ معین الدین ، تعلقہ اردو ٹیچرس اسوسی ایشن کے صدر جناب محمد اعظم، صدر برائے وقف جناب حوالدار ، میرمعلمہ زاہدہ بیگم ، دیگر اساتذہ اور طلباء وطالبات کے سرپرستان بھی موجود تھے۔

Share this post

Loading...