بیلگام:24؍جولائی 2023(فکروخبرنیوز) وزیربہبود برائے خواتین واطفال لکشمی ہیبالاکر نے خبردار کیا ہے کہ اگر گروہالکشمی اسکیم کے رجسٹریشن کے عمل کے لیے لوگوں سے رقم وصول کی جاتی ہے یا اسکیم کے نفاذ میں لاپرواہی کی جاتی ہے تو ایسے افراد کے خلاف کریمنل مقدمہ درج کیا جائے گا۔ پیر کو یہاں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تین مراکز کے لاگ آن آئی ڈی کوٹریس کرکے واپس لے لیا گیا ہے جہاں لوگ رجسٹریشن کے عمل کے لیے رقم وصول کر رہے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اس اسکیم کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے خاموش نہیں بیٹھی ہے۔ گروہالکشمی یوجنا کے تحت رجسٹریشن کرنے والوں سے فیس وصول ہونے کی خبروں کی تصدیق ہونے پر ایسے افراد کا لاگ ان آئی ڈی اور پاس ورڈ واپس لے لیا جائیگا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ تحصیلداروں، پی ڈی اوز اور گاؤں کے بل کلکٹرز کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ ایسے معاملات کی اطلاع ڈپٹی کمشنر تک پہنچائیں یا پھر کہیں بھی پیسے لئے جا رہے ہیں تواس کی اطلاع مقامی پولیس اسٹیشن کو دی جانی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم گروہالکشمی یوجنا کارجسٹریشن مفت میں نہیں کر رہے ہیں بلکہ حکومت فی اپلوڈر کے لیے 12 روپئے ادا کررہی ہے۔
Share this post
