بھٹکل 12 نومبر 2020 (فکرو خبر نیوز) لبیک نوائط اسوسی ایشن کی جانب سے بھٹکل کی تاریخ کا پہلا اور منصوبہ بند انڈور اسٹیڈیم بنام لبیک نوائط اسپورٹس سٹی کا بنیاد آج بعد عصر قدوائی روڈ تھرڈ کراس پر قاضی صاحبان کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ مختلف کھیلوں اور ورزش کے لئے قائم اس اسٹیڈیم کی خاص بات یہ رہے گی کہ اس سے ہر کوئی فائدہ اٹھا سکے گا۔ اس کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے لبیک کے جنرل سکریٹری مولانا عبد الاحد فکردے ندوی نے بتایا کہ یہ بات مشاہدہ میں آرہی کہ موجودہ نسل کھیل اور ورزش سے دور ہورہی ہے اور موبائل کے مختلف کھیلوں میں پڑکر اپنی صحت بھی خراب کررہی ہے بلکہ اس سے بڑھ کر بعض گیموں میں شرکیہ اعمال بھی داخل ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے غیر شعوری طور پر یہ کام ہمارے نوجوانوں سے کرایا جارہا ہے۔ لہذا کھیل کے بہانے سے انہیں قریب کیا جائے اور ان کی صحیح طور پر رہنمائی کی جائے۔ مولانا نے اسے لبیک کا تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی تکمیل کے لئے حاضرین سے دعاؤوں کی درخواست کی۔
نائب قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب خطیبی ندوی نے کہا کہ انسانی زندگی کے جملہ شعبوں میں اگر اسلامی طریقہئ کار کو ملحوظ رکھا جائے تو وہ عبادت جاتا ہے۔ مولانا نے کہا کہ جس قدر ہم آنے والی نسلوں کے متعلق فکر مند ہوجائیں گے تو آنے والی نسل اتنے ہی بہترانداز میں تیار ہوجائے گی۔ اسی طرح کھیل کے متعلق بھی ہمیں اس بات کو سامنے رکھنا چاہیے کہ اس کے ذریعہ سے اللہ کی عبادت اور مخلوق کی خدمت کا کام انجام دیں تو یہ بھی عبادت بن جاتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں کھلاڑیوں کی پوری تاریخ معلوم ہوتی ہے لیکن سیرت رسول اکرم ﷺ کے متعلق کچھ پوچھا جائے تو ہم اس سے لاعلم ہوتے ہیں۔ مولانا نے رائے کے اختلاف کو مجلس تک محدود رکھنے کی نصیحت رکھتے ہوئے کہا کہ رائے کے اختلاف سے ہم آپس کے اختلاف کے شکار نہ ہوجائیں، اسی طرح اتحادواتفاق کو برقرار رکھنے کی بھی نصیحت کی۔
قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے کہا کہ اس کے ذریعہ سے دعوتی کام کو بھی انجام دیا جائے۔ یہاں آنے والے غیر مسلموں کے لئے چھوٹے چھوٹے پمفلٹ رکھے جائیں اور اس سے اسلام کا تعارف اور پیامِ انسانیت کا کام کیا جائے۔
امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے کہا کہ اسپورٹس سینٹر اور کلب بچوں کی صحیح تربیت کاکام انجام دیں گے تو یہ رحمت ہیں اور اگر اس سے اختلافات وجود میں آتے ہیں تو یہ ہمارے لئے رحمت کے بجائے زحمت بن جائیں گے۔ مولانا نے کہا کہ کھیل اچھے مقاصد کے تحت ہو تو اسلام اس سے روکتا نہیں۔ اپنی صحت، طاقت، خیالات، صلاحیت اور فکر کو صحیح راستے پر ڈالنے اور اس کے ذریعہ سے قوم وملت کی بھلائی کا کام کرنے کے لئے طاقت کی ضرورت ہو تو ہماری یہ کوششیں بھی اچھے اعمال کے ذخیرہ کا سبب بنیں گی۔
صدر لبیک اور پروگرام کے صدر جناب رئیس رکن الدین نے کہا کہ ہم نے مختلف منصوبوں کے بارے میں غوروخوض کیا اور کوشش کی کہ اس کو روبہ عمل لایا جائے لیکن الحمدللہ اب ہمارے سامنے لبیک اسپورٹس سٹی کا منصوبہ ہے جو ان شا ء اللہ جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔
واضح رہے کہ اس موقع پر اسپورٹس سٹی کا پورا خاکہ ویڈیو کی شکل میں حاضرین کے سامنے پیش کیا گیا جس میں کبڈی، بیٹ مینٹین کورٹ کے ساتھ ساتھ کرکٹ پچ بھی ہوگی۔ جم سینٹر اور واکنگ کے لئے بھی تمام تر سہولیات مہیا ہوں گی۔ اس کے علاوہ کیفیٹیریا اور آفس اور دیگر سہولیات بھی مہیاکرائی جائیں گی۔ ویڈیو تیار کرانے والی ٹیم جوشیدی برادران اویس، باشاہ، علی اور مولاا فضل شاہ بندری ندوی کے فرزند خلیل الرحمن کے ساتھ ساتھ اس انیمیشن ویڈیو کو آڈیو دینے والے اقداس اور رباح کو بھی خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔ اس انیمیشن کی تفصیلات کا رسمِ اجراء صدر تنظیم جناب ایس ایم پرویز صاحب نے کیا۔
مولانا عبدالرب صاحب کی دعا کے ساتھ مجلس اختتام کو پہنچی۔
Share this post
