بھٹکل 30؍ اگست 2018(فکروخبر نیوز) لبیک نوائط اسوسی ایشن بھٹکل کی جانب سے گیٹ ٹو گیدر پروگرام بروز اتوار 26؍ اگست 2018 بمقام صفورہ گارڈن نزد مسجد ابو ذر غفاری بلال کھنڈ بھٹکل میں منعقد کیا گیا ۔ جس میں اراکین انتظامیہ کے ساتھ ساتھ بیرونِ ہند کے ممبران اور مقامی فعال ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر جنرل سکریٹری مولانا عبدالاحد فکردے ندوی نے سال بھر کی کارکردگی پیش کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ شہر میں چند ایک کام سب سے پہلے لبیک ایسوسی ایشن کی جانب سے سامنے لائے گئے اور اس کے لیے ممبران نے اپنی محنتیں صرف کیں ، جس کے بعد وہ اتنے مقبول ہوئے کہ شہر میں اب اسی طرز کو دوسرے اداروں نے اختیار کرتے ہوئے ترقی کی منزلیں طئے کیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں یاد ہونا چاہیے کہ تعلیمی ایوارڈ کا سلسلہ سب سے قبل لبیک ہی کی جانب سے شروع کیا گیا تھا اور اس کے بعد رابطہ تعلیمی ایوارڈ کا سلسلہ شروع کیا گیا ۔ اسی طرح فطرہ جمع کرنے اور تقسیم کا عمل بھی لبیک ہی کی جانب سے شروع کیا گیا تھا اور یہ کام اب بڑھتے بڑھتے الحمدللہ اس کی جگہ مرکزی فطرہ کمیٹی کے ذریعہ بحسنِ خوبی انجام دیا جارہا ہے ۔ جنرل سکریٹری نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ امسال تعلیمی میدان میں نمایاں نمبرات سے کامیابی حاصل کرنے والے پچاس طلباء و طالبات کے لیے تعلیمی ایوارڈ پروگرام بھی منعقد کیا گیا ۔ اسی طرح پانچ سینیر ممبران لبیک کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے پروگرام میں ان کی شال پوشی اور تہنیت کی گئی ۔ نیز قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا محمد اقبال ملا ندوی کے ہاتھوں لبیک کی عمارت کا بھی افتتاح عمل میں آچکا ہے ۔ ملحوظ رہے کہ یہ پروگرام مولانا عزیز الرحمن رکن الدین ندوی کی تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا ، اس کے بعد ان ہی کے فرزند عکاشہ رکن الدین نے نعت پیش کی ،مولانا تنویر صاحب جوشیدی اور ڈاکٹر حنیف شباب صاحب و دیگر نے اپنے خیالات کے اظہار کے دوران لبیک کی کارکردگی پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ صدارتی خطاب نائب صدر لبیک جناب عبدا لمبین دامودی صاحب نے پیش کیا۔ مولانا عبدالرزاق خلیفہ ندوی کی دعائیہ کلمات پر یہ نشست رات گیارہ بجے اپنے اختتام کو پہنچی ۔
Share this post
